حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ جامعۃ المصطفی خراسان حجت الاسلام روح اللہ سعیدی فاضل نے کہا ہے کہ جامعہ المصطفی کو عملی مسائل کے حل اور بین الاقوامی سطح پر حقیقی ضروریات کو پورا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
یہ بات انہوں نے آج جامعۃ المصطفی خراسان کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے تحقیقاتی اجلاس میں کہی، جو ہفتہ تحقیق کی مناسبت سے منعقد ہوا۔ اس اجلاس کا انعقاد معاونتِ تحقیق اور مرکز امام رضا کے تعاون سے کیا گیا تھا۔
انہوں نے تحقیق کی اہمیت، تعلیمی ترقی میں اس کے کردار اور موجودہ چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامعۃ المصطفی کو وقت کی ضروریات اور عالمی تقاضوں کے مطابق اپنی سرگرمیوں کو ترتیب دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحقیق صرف نظریاتی نہ ہو، بلکہ عملی میدان میں مسائل کے حل کے لیے ہونی چاہیے۔ اس کے لیے تحقیقاتی منصوبے دستیاب وسائل کے مطابق بنائے جائیں اور نئے مسائل کو حل کرنے کی حکمت عملی پر زور دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق کو ضمنی سرگرمی کے بجائے تعلیمی عمل کا بنیادی حصہ بنایا جائے، کیونکہ تحقیق کے بغیر طلبہ کی علمی ترقی ممکن نہیں۔
حجت الاسلام سعیدی فاضل نے اساتذہ سے کہا کہ وہ اپنی تعلیمات کو تحقیق پر مبنی بنائیں اور طلبہ کو نئے خیالات پیش کرنے کی ترغیب دیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جامعۃ المصطفی محدود وسائل کے باوجود محققین کی بھرپور مدد کرتا ہے۔
طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنی توجہ مخصوص تحقیقی شعبوں پر مرکوز کریں تاکہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں اور علمی خلا کو پورا کر سکیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ جامعۃ المصطفی کو اسلامی علوم کے فروغ میں بین الاقوامی سطح پر قیادت کرنی چاہیے۔ تحقیق کو صرف مقالوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے مسائل کے حل اور نئے علمی نظریات پیش کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں محققین اور اساتذہ کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ