حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، جامعۃ المصطفی العالمیہ کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین عباسی نے قم میں حوزه علمیہ کے سرپرست آیت اللہ اعرافی اور نیشنل ورچوئل اسپیس سنٹر کے سربراہ ڈاکٹر آقامیری کی موجودگی میں سائبر اسپیس ایکٹیوسٹ کونسل کے اراکین کے ساتھ منعقدہ نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: موجودہ دور میں عوامی خیالات و افکار کا زیادہ تر حصہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تشکیل پاتا ہے اور انہی کے ذریعے تبدیل بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: الحمدللہ ایران نے علمی میدان میں نمایاں ترقی کی ہے۔ ہمیں اپنی اندرونی صلاحیتوں اور نوجوانوں پر اعتماد کر کے ڈیجیٹل اسپیس میں بھی بہتر نتائج حاصل کرنی چاہئیں۔
حجت الاسلام والمسلمین عباسی نے کہا: علمی اور ثقافتی میدان میں پیشرفت کے لیے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی فراہمی بنیادی ضرورت ہے تاکہ معاشرے خصوصاً نوجوانوں کو فکری حملوں سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے مغربی ممالک کی ڈیجیٹل میدان میں ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: مغربی دنیا نے ڈیجیٹل اسپیس کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میدان میں کافی ترقی حاصل کی ہے اور انفراسٹرکچر پر اپنی گرفت مضبوط بنائی ہوئی ہے۔
جامعۃ المصطفی کے سربراہ نے مزید کہا: بدقسمتی سے عالمی سطح پر ہم ابھی تک مطلوبہ انفراسٹرکچر اور ضروری پلیٹ فارمز کی ترقی میں پیچھے ہیں۔ انقلاب اسلامی کی عالمی تاثیر میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے لیکن دشمن اس میدان میں متحرک ہیں اور عوامی خیالات کی قیادت پر اپنی گرفت برقرار رکھنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ڈیجیٹل میدان میں خودمختاری اور ترقی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ اسلام دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔