منگل 7 جنوری 2025 - 12:31
شیعہ علماء کونسل صوبۂ جموں کا پارا چنار امن معاہدے کی خلاف ورزی پر مذمتی بیان

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل صوبہ جموں نے پارا چنار میں ہونے والی مسلسل دہشت گردی اور نہتے عوام پر ہونے والے مظالم پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مذمتی بیان جاری کیا کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے فوری طور پر تکفیری گروہ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل جموں کے ترجمان اعلیٰ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد کوثر جعفری نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیعہ علماء کونسل صوبہ جموں پاراچنار کے مظلوم عوام پر ہونے والے مسلسل مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت پاکستان سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر ان تکفیری دہشت گردوں کے خلاف شدید کاروائی کرتے ہوئے پارا چنار کے مظلوم عوام کو انصاف دلانے میں اپنی ذمہ داری کو انجام دے۔

کونسل کے ترجمانِ اعلیٰ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ"پاراچنار کے نہتے عوام پر ہونے والے مظالم ناقابلِ برداشت ہیں، امدادی سامان کو روک کر انہیں بھوکا پیاسا رکھنا ایک غیر انسانی اور ظالمانہ اقدام ہے جو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مظالم ایک منظم سازش کا حصہ معلوم ہوتے ہیں جن کا مقصد علاقے میں انتشار اور بدامنی کو ہوا دینا ہے۔

شیعہ علماء کونسل نے پاکستانی حکومت کے نام جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ دہشت گردوں کی پشت پناہی بند کرے اور پارا چنار میں جاری مظالم کو فی الفور روکا جائے اور عوام تک امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل پارا چنار میں ہونے والی دہشت گردی کو بند کرنے کے لیے ایک امن معاہدہ ہوا تھا، جسے تکفیری دہشت گردوں کی جانب سے توڑ دیا گیا اور پارا چنار میں جانے والا انسانی امداد کا قافلہ جس میں اشیائے خورد نوش اور ادویات شامل تھیں اس پر شدید حملہ کیا گیا،جس میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha