حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن اور صدر شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا، حجۃ الاسلام و المسلمین سید ابو القاسم رضوی کا حالیہ دورہ عراق بڑا ہی پر برکت اور مثمر رہا۔ اس دوران انہوں نے نجف اشرف میں مدرسہ امام ہادی علیہ السلام کے طلبہ کے ساتھ علمی اور اخلاقی نشستوں میں شرکت کی، جو حجۃ الاسلام والمسلمین آغا محمد باقر مصباح دام عزہ، وکیل آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی دام عزہ کی سرپرستی میں چل رہا ہے۔
مولانا ابوالقاسم رضوی نے مدرسہ امام ہادی میں طلبہ کے طلاب کرام کو درس اخلاق دیا، جس میں وقت کی اہمیت اور تزکیہ نفس پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے خیبر کو فتح کرنے کے لئے نفس کے مرہب کو شکست دینی ہوگی۔ امام وقت کے ماننے والوں کو وقت کی قدر و قیمت کا خیال رکھنا چاہئے۔ زندہ قوموں کی ترقی کا راز وقت کی پابندی، محنت، اور نظم و ضبط میں مضمر ہے۔
مولانا رضوی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ علم فقط امتحان میں کامیابی کے لئے نہیں بلکہ امام زمانہ علیہ السلام کے سامنے سرخرو ہونے کے لئے حاصل کرنا چاہئے۔ اس نشست میں مدرسہ کے مسئول حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید عبداللہ عابدی، مولانا سید ندیم حسن، مولانا شیخ علی جعفر، اور دیگر اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
مولانا نے اپنی تقریر میں برصغیر ہند و پاک کے طلبہ کو دینی و عصری علوم کے فوائد اور حصول علم کے شرائط سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حدیث کی روشنی میں پانچ اہم نکات پر روشنی ڈالی، جو کہ زندگی کی اہمیت، فرصت، صحت، شباب، اور حیات سے متعلق تھے۔ مولانا نے طلبہ کو نصیحت کی کہ ان مواقع کی قدر کریں اور اپنی زندگی کے مراحل کو بطریق احسن طے کریں۔
اس نشست کے آخر میں مدرسہ کے طلبہ اور اساتذہ نے مولانا ابوالقاسم رضوی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے قیمتی وقت سے طلبہ کو مستفید کیا اور مدرسہ کی رونق بڑھائی۔ مولانا رضوی نے تبلیغ دین کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ انبیاء و آئمہ کی وراثت ہے، جسے پوری ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ انجام دیناچاہئے۔
آپ کا تبصرہ