حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن آسٹریلیا، حجت الاسلام والمسلمین سید ابوالقاسم رضوی نے حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں ایک پُراثر مجلس سے خطاب کیا، جس میں کثیر تعداد میں علماء، مومنین اور زائرین نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں حجت الاسلام والمسلمین سید ابوالقاسم رضوی نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کو موضوع سخن قرار دیتے ہوئے کہا: "جناب زینب سلام اللہ علیہا نے یزید کو اس کے اپنے دربار میں ایسی شکست فاش دی کہ قیامت تک یزیدیت سر نہیں اٹھا سکتی۔" انہوں نے مزید کہا کہ شام کی موجودہ صورت حال ہم سب کا امتحان ہے، لیکن فتح حسینیوں کا مقدر ہے اور یزیدیت ہمیشہ کے لیے شکست خوردہ رہے گی۔
انہوں نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی استقامت کو ناقابل تسخیر قلعہ قرار دیتے ہوئے کہا: "یہ مجلس عزا جناب زینب سلام اللہ علیہا کی طرف سے عزاداروں کو وہ تحفہ ہے جس کے سامنے دنیا کی کوئی طاقت اور کوئی میڈیا کھڑا نہیں ہو سکتا۔ جناب زینب سلام اللہ علیہا وہ عابدہ آل علی (ع) ہیں جن سے امام حسین علیہ السلام نے وقت آخر فرمایا: اے بہن زینب! اپنی نماز شب میں مجھے فراموش نہ کرنا۔"
خطاب کے دوران حجت الاسلام والمسلمین رضوی نے اس بات پر زور دیا کہ سیرت و کردار زینبی کو عام کرکے ہی ظہور امام زمانہ علیہ السلام کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔
مجلس کے اختتام پر مومنین و زائرین نے شہدائے کربلا اور جناب زینب سلام اللہ علیہا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آپ کا تبصرہ