حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 26 جنوری یوم جمہوریہ ہندوستان کے موقع پر مدرسہ القائم قم المقدسہ میں ایک شاندار جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلاب نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ یہ تقریب بعد نماز مغربین 7 بجے سے 9 بجے تک منعقد ہوئی۔
پروگرام کا آغاز جناب مولانا فیض الحسن کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس کے بعد حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد جون عابدین نے اپنے خطاب میں ہندوستان کی تاریخ میں مسلم حکمرانوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کے دور میں ہندوستان نے نمایاں ترقی کی، جس کی مثالیں تاج محل اور جامع مسجد دہلی جیسے اسٹرکچر ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انگریزوں نے ہندوستان کو صرف لوٹا اور اسے پسماندہ بنا دیا۔
تصاویر دیکھیں:
قم المقدسہ میں یوم جمہوریہ ہند کی مناسبت سے علماء و طلاب ہند کی شاندار تقریب
پروگرام کی نظامت کے فرائض حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید حیدر عباس رضوی نے انجام دیے۔ اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین مولانا علی عباس خان نے خطاب کرتے ہوئے آزادیٔ ہند میں مسلمانوں کے کردار اور قربانیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
مولانا محمد کاشف نے "ژندہ باد اے وطن" کے عنوان سے ایک خوبصورت نظم پیش کی، جبکہ مولانا عرفان عالم پوری اور مولانا ندیم سرسری نے اپنے اشعار سے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
یہ تقریب ہر سال کی طرح اس سال بھی مشورتی کونسل (تشکل ھای فرہنگی ہندوستان) کی جانب سے منعقد کی گئی، جو طلاب کے جوش و جذبے اور حب الوطنی کا عکاس تھی۔
آپ کا تبصرہ