حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خانوادہ اور جمعیت علمائے اسلام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا: حافظ حسین احمد ایک ہوشیار، حاضر دماغ اور مدبر علمی و سیاسی شخصیت تھے۔ ملی یکجہتی کونسل ہو یا متحدہ مجلس عمل ،حافظ حسین احمد کا نمایاں کردار رہا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا: سیاسی و علمی میدان میں حافظ حسین احمد کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ جمیعت علماء اسلام (ف) کے سینیئر رہنما حافظ رہنما طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور کل کوئٹہ میں انتقال کرگئے ہیں۔
حافظ حسین احمد کی پیدائش 1951 میں وادی کوئٹہ میں ہوئی، انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی جس میں اسلامی ادب، قرآن، حدیث اور فقہ کے علوم میں مہارت حاصل کی جبکہ انہوں نے روایتی درس نظامی کا کورس بھی کر رکھا تھا۔
حافظ حسین احمد نے اپنے سیاسی سفر کا اغاز 1973 میں زمانہ طالب علمی کے دوران کیا۔ اپنی سیاسی جد وجہد میں وہ جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی اور مرکزی عہدوں پر فائز رہے جبکہ انہوں نے پاکستان نیشنل الائنس میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔
اپنے سیاسی سفر کے دوران 1988 سے 1990 تک مستونگ سے رکن قومی اسمبلی رہے، 1991 سے 1994 کے دوران سینیٹ کے ممبر رہے جبکہ 2002 سے 2007 تک رکن قومی اسمبلی کے فرائض سر انجام دیے۔
آپ کا تبصرہ