حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماءکونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کینیا میں سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ارشد شریف کا انتقال افسوسناک ہے؛ لہٰذا کینیا لا انفورسمنٹ ادارے کی کاروائی کے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے معروف صحافی ارشد شریف کے کینیا میں ایک حادثے میں انتقال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیا کی لا انفورسمنٹ کے ادارے کی مذکورہ کاروائی کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ یہ واقعہ صحافتی حلقوں سمیت پاکستانی عوام کے لیےر بھی افسوسناک ہے۔
انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا بھی مطالبہ کیا۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے صحافتی حلقوں سمیت مرحوم کے خانوادہ سے اظہار تعزیت کیا۔