حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے نائیجر کے جنوب مغربی علاقے کوکورو کی ایک مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
اسماعیل بقائی نے اس حملے کو اسلامی تعلیمات، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں عبادت گزاروں پر حملہ ایک سنگین جرم ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ، نائیجر کی عوام اور حکومت سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ: ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ ضروری ہے، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر دہشت گردوں کے خلاف تعاون اور یکجہتی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ داعش کے افریقی گروہ (ISGS) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس میں 44 افراد شہید اور 13 زخمی ہوئے تھے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ افریقی ممالک میں دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ اقدامات کرے۔
آپ کا تبصرہ