ہفتہ 5 اپریل 2025 - 21:53
ہندوستان میں حجۃ الاسلام والمسلمین مہدی مہدوی پور کی پندرہ سالہ خدمات کو خراجِ تحسین و نمائندے جدید کا استقبال

حوزہ/ ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی میں ایک شاندار روحانی اور تاریخی جلسہ تجلیل و تکریم و استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہندوستان میں رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (مدّ ظلّہ العالی) کے سابق نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین الحاج مہدی مہدی پور (زید عزہ) کی پندرہ سالہ درخشاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے بعد آنے والے نئے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر عبد المجید حکیم الہٰی (دام عزہ) کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نئی دہلی/ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی میں ایک شاندار روحانی اور تاریخی جلسہ تجلیل و تکریم و استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہندوستان میں رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (مدّ ظلّہ العالی) کے سابق نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین الحاج مہدی مہدی پور (زید عزہ) کی پندرہ سالہ درخشاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے بعد آنے والے نئے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر عبد المجید حکیم الہٰی (دام عزہ) کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز قرآن کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد حجت الاسلام و المسلمین جناب مہدی پور نے تمام مہمانوں کا خوش دلی سے استقبال کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ تقریباً پندرہ سالوں تک ہندوستان میں بطور آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندے خدمت انجام دی اور اس عظیم ذمہ داری کے لیے وہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سالوں میں ہندوستان کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور یہاں کے لوگوں میں صرف محبت، بھائی چارہ اور اتحاد دیکھا۔ ان کی کوشش ہمیشہ یہی رہی کہ لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے اور تمام اختلافات کو کم کیا جائے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر جناب ایرج الٰہی نے بھی اپنے بیان میں جناب مہدی پور کی محنت، خدمات اور لوگوں کو جوڑنے کی کوششوں کی دل سے تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جناب مہدی پور نے ہندوستان میں صرف سفارتکاری نہیں کی بلکہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو بھی مضبوط کیا ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای کے نئے نمائندے جناب حکیم الہٰی نے بھی اپنی بات رکھی اور کہا کہ وہ اللہ کے شکر گزار ہیں اور جناب مہدی پور کی محنت کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ہندوستان میں دینی، تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو مزید بڑھائیں۔

اس تقریب میں کویت سے آئے مہمان جناب مصطفی غلام نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ جناب مہدی پور نے ہر کمیونٹی اور طبقے کے ساتھ مل کر کام کیا اور لوگوں کے درمیان محبت اور اتحاد بڑھایا۔

منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی،رہبر معظم کے دفتر برائے بین الاقوامی امور کے معاون، آیت اللہ محسن قمی (دام عزہ) تھے۔ انہوں نے بھی جناب مہدی پور کی 15 سالہ خدمات پر روشنی ڈالی اور انہیں دل سے خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جناب مہدی پور نے ہندوستان میں مذہبی، سماجی اور ثقافتی سطح پر بہت اہم کردار ادا کیا اور ان کی بدولت ایران اور ہندوستان کے درمیان علمی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔

اس تقریب میں مولانا کلب جواد نقوی، مولانا کلب رشید، مولانا محسن تقوی اور آسٹریلیا سے تشریف لائے مولانا ابوالقاسم رضوی اور ممبئی مولانا حسین مہدی حسینی جیسے نامور علماء نے بھی خطاب کیا، جنہوں نے جناب مہدی پور کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے ہر مسلک اور فرقے کے درمیان بھائی چارہ اور ہم آہنگی پیدا کی، جو کہ ایک مثال ہے۔

دیگر مقررین میں پروفیسر اختر الواسع، مولانا حسین مہدی حسینی، مولانا غلام رسول کشمیری، کشمیر سے آئے ہوئے معزز افراد جناب حنیفہ اور روح اللہ صاحب، شاہی امام فتحپوری مسجد، اور مکرم صاحب کے اسماء قابلِ ذکر ہیں۔

آخر میں آیت اللہ محسن قمی نے جناب حکیم الہٰی کو آیت اللہ خامنہ ای کے ہندوستان میں نئے نمائندے ہونے کا باضابطہ اعلان کیا اور ان کے لئے نیک دعائیں کیں۔ تقریب کا اختتام تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کے ساتھ کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha