پیر 7 اپریل 2025 - 09:36
جنت البقیع کو منہدم کرنے والی سوچ آج غزہ میں معصوموں کا خون بہا رہی ہے

حوزہ / مرکز مدیریت حوزہ ہائے علمیہ ایران نے جنت البقیع میں آئمہ معصومین علیہم السلام کی قبور مطہرہ کے انہدام کی برسی کے موقع پر جاری کردہ اپنے بیان میں عالم اسلام کے علماء اور دانشوروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صہیونی حکومت کے مظالم پر اپنی خاموشی توڑیں اور امت مسلمہ کو مظلوموں کی حمایت، مزاحمت اور مقدس مقامات کی تعمیر نو کی دعوت دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز مدیریت حوزہ ہائے علمیہ ایران نے جنت البقیع میں آئمہ علیہم السلام کی مقدس قبور کی شہادت کے سالانہ موقع پر ایک بیان جاری کیا ہے، جس کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

جنت البقیع میں چار معصوم اماموں علیہم السلام کی مقدس قبور کے المناک انہدام کی برسی پر ایک بار پھر مؤمنین اور دنیا بھر کے آزاد انسانوں، خصوصاً اہل بیتِ عصمت و طہارت علیہم السلام سے محبت رکھنے والوں کے دل رنجیدہ اور غم سے داغدار ہو جاتے ہیں۔ یہ عظیم سانحہ ۸ شوال ۱۳۴۴ ہجری قمری کو پیش آیا، جو نہ صرف اہل بیت علیہم السلام اور اسلامی تاریخ کی توہین ہے بلکہ ایک ایسی متحجر، انتہا پسند اور اسلام دشمن سوچ کی علامت ہے، جو آج تک صرف تشدد، تفرقہ اور اسلام کے نورانی چہرے کو خراب کرنے کا باعث بنی ہے۔

مرکز مدیریت حوزہ ہائے علمیہ ایران، اس تاریخی سانحے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہل بیت علیہم السلام کے مقام و مرتبت کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ ان مقدس مزارات کی دوبارہ تعمیر امتِ مسلمہ کا ایک عالمگیر اور متحدہ مطالبہ ہے۔ یہ مطالبہ نہ صرف مومنین بلکہ خود مراجع عظام اور دینی مراکز کی آواز بھی ہے، جسے دنیا بھر میں پھیلایا جانا چاہیے۔

اسی موقع پر ہم یمن، غزہ، لبنان، بحرین، افغانستان، پاکستان اور دیگر اسلامی سرزمینوں میں مظلوم مسلمانوں کی حالتِ زار کی طرف بھی توجہ دلاتے ہیں، جو درندگی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اور بین الاقوامی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کا شکار ہیں۔ یہ تمام مظالم اُسی باطل اور مجرمانہ سوچ کا تسلسل ہیں جس نے کل جنت البقیع کو منہدم کیا اور آج معصوم بچوں، عورتوں اور بے گناہ شہریوں کا خون بہا رہی ہے۔

صہیونی حکومت کی حالیہ جنایتیں، بالخصوص غزہ میں ہونے والی وحشیانہ نسل کشی، عالمی مستکبرین کی حمایت اور بعض وابستہ حکمرانوں کی خیانت کے سائے میں انجام پا رہی ہیں، جس کے مقابلے میں امت مسلمہ کو بیداری، اتحاد اور فوری اقدام کی ضرورت ہے۔

مرکز مدیریت حوزہ ہائے علمیہ ایران، قرآن اور عترت کی تعلیمات کی روشنی میں عالمِ اسلام کے علماء اور دانشوروں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس ظلم پر خاموش نہ رہیں اور امتِ مسلمہ کو مظلومین کی حمایت، مزاحمت، اور مقدس مقامات کی تعمیرِ نو کے لئے متحد کریں۔

«وسَیعلَمُ الَّذینَ ظَلَموا أیَّ مُنقَلبٍ یَنقَلِبونَ»

مرکز مدیریت حوزہ ہائے علمیہ ایران

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha