حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین نجف لک زائی نے گزشتہ سو سال میں حوزہ علمیہ قم میں اسلامی سیاسی مطالعات کے شعبے میں ہونے والی ترقی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ قم نے انسانی وسائل اور ماہر اساتذہ کے لحاظ سے ایک قیمتی ذخیرہ جمع کر لیا ہے، جسے انجمن مطالعات سیاسی اسلامی منظم کرتی ہے۔ ہر سال اس موضوع پر علمی اجلاس منعقد ہوتے ہیں۔
حوزہ علمیہ قم کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر منعقدہ ایک کانفرنس میں، حجت الاسلام لک زائی نے بتایا کہ گزشتہ صدی میں ایران میں سیاسی نظریات کی تشکیل میں حوزہ علمیہ کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے مشروطہ تحریک کے دوران علماء کی تحریروں، خاص طور پر آیت اللہ نائینی کی کتاب "تنبیہ الامہ و تنزہ الملت"، نیز امام خمینیؒ کے نظریہ ولایت فقہیہ کو اس کی واضح مثال قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی سیاسی علوم کی بنیاد قرآن کریم، سنت نبویؐ اور حضرت علیؑ کے خطبات پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی کے بعد قم المقدسہ کے حوزہ علمیہ میں فقہ سیاسی، فلسفہ سیاسی، تفسیر سیاسی اور دیگر شعبوں میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ اس وقت قم میں دس سے زائد علمی جرائد اسلامی سیاسیات پر تحقیق کر رہے ہیں، جبکہ متعدد تحقیقی ادارے بھی فعال ہیں۔
حجت الاسلام لک زائی نے بتایا کہ حوزہ علمیہ قم کی صد سالہ کانفرنس میں سیاسی علوم کے ارتقاء پر سترہ تحقیقی مقالات پیش کیے گئے ہیں، جو جلد شائع ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حوزہ علمیہ کی تحقیقات مستقبل میں اسلامی حکمرانی کے نظام میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی سیاسیات کے میدان میں حوزہ علمیہ قم کی کاوشیں نہ صرف ایران بلکہ پوری دنیا کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔









آپ کا تبصرہ