حوزہ نیوز ایجنسی I ازدواجی زندگی صرف محبت اور چاہت پر قائم نہیں رہتی بلکہ اس کے پائیدار اور خوشگوار ہونے کے لیے کئی اہم پہلوؤں پر مسلسل توجہ دینا ضروری ہوتا ہے۔ اگر ان پہلوؤں کو نظر انداز کیا جائے تو وقت کے ساتھ یہ عوامل ازدواجی رشتے کو کمزور اور بسا اوقات برباد بھی کر سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ ایسے "خاموش دشمن" ہوتے ہیں جو بظاہر معمولی نظر آتے ہیں، لیکن درحقیقت زندگی کی خوشیوں اور سکون کو گھن کی طرح کھا جاتے ہیں۔ ذیل میں ایسے ہی چھ خطرناک عوامل کا تذکرہ کیا جا رہا ہے جن سے ہر جوڑے کو ہوشیار رہنا چاہیے:
۱. مرد کا گھر بیٹھ جانا (گوشہنشینی):
اگر مرد گھر میں غیر فعال ہو جائے، باہر کی سرگرمیوں یا سماجی روابط سے کٹ جائے، تو یہ حالت نہ صرف اس کی نفسیاتی کیفیت کو متاثر کرتی ہے بلکہ پورے خاندان پر منفی اثر ڈالتی ہے۔ ایسے مرد اکثر مایوسی، بیزاری اور افسردگی کا شکار ہو جاتے ہیں، جس کا نتیجہ گھریلو جھگڑوں اور بے سکونی کی صورت میں نکلتا ہے۔
۲. میڈیا کا منفی اثر:
آج کل میڈیا، خاص طور پر سوشل میڈیا، انسان کی سوچ، توقعات اور طرز زندگی پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ یہ میڈیا غیر حقیقی معیار، جھوٹی خوشیوں اور مصنوعی محبت کے نمونے دکھا کر حقیقی زندگی سے انسان کو بدظن کر دیتا ہے، جو ازدواجی تعلقات میں ناراضگی اور بدگمانی کو جنم دیتا ہے۔
۳. زیادہ کام اور اوور ٹائم:
کام کی زیادتی اور دفتر میں طویل وقت گزارنا اگرچہ مالی اعتبار سے فائدہ مند ہو سکتا ہے، لیکن اس سے میاں بیوی کے درمیان وقت کی کمی پیدا ہوتی ہے، جو رفتہ رفتہ جذباتی دوری اور سرد مہری میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
۴. ظاہری حالت کی خرابی:
ازدواجی زندگی میں ایک دوسرے کے لیے خوبصورت اور جاذب نظر بنے رہنا بہت اہم ہوتا ہے۔ اگر میاں یا بیوی اپنی صفائی، لباس یا ظاہری سلیقہ شعاری کی طرف سے لاپرواہ ہو جائیں، تو اس سے باہمی کشش میں کمی آ جاتی ہے اور تعلق کی تازگی متاثر ہوتی ہے۔
۵. دوسروں سے موازنہ کرنا:
اپنی زندگی کا موازنہ دوسروں سے کرنا، خاص طور پر سوشل میڈیا پر نظر آنے والی "مثالی" زندگیوں سے، انسان کو اپنی نعمتوں سے غافل کر دیتا ہے۔ یہ عمل نارضایتی، حسد اور احساسِ کمتری کو جنم دیتا ہے، جو ازدواجی سکون کو ختم کر دیتا ہے۔
۶. زندگی میں مقصد کا فقدان:
جب میاں بیوی کے درمیان کوئی مشترکہ یا انفرادی مقصد نہ ہو تو زندگی بے رنگ اور بے سمت محسوس ہوتی ہے۔ ایسی حالت میں جذباتی خلا پیدا ہوتا ہے جو ایک وقت کے بعد رشتے کو بے جان کر دیتا ہے۔
خلاصہ:
ایک کامیاب ازدواجی زندگی کے لیے ضروری ہے کہ ان چھ عوامل سے باخبر رہا جائے اور وقت رہتے ان کا حل نکالا جائے۔ ورنہ یہ خفیہ دشمن آہستہ آہستہ زندگی سے خوشی، محبت اور سکون کو ختم کر دیتے ہیں۔
20:29 - 2025/05/01









آپ کا تبصرہ