حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، "امناء الرسل" بین الاقوامی کانفرنس کے سیکریٹری حجت الاسلام والمسلمین رضا اسکندری نے اعلان کیا ہے کہ شہید سید حسن نصراللہ کے عنوان سے منعقد ہونے والی علمی و بین الاقوامی کانفرنس کے مقالات کے موضوعات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اور عراق، لبنان و ایران میں دینی اداروں کے ساتھ تعاون کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد شہید نصراللہ کی شخصیت کے مختلف علمی، ثقافتی اور سماجی پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلے میں چار اہم علمی و انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں: مقالات، علمی نشستیں، علمی انٹرویو لز اور تحقیقی مجلات کی کمیٹیاں۔
حجت الاسلام اسکندری نے بتایا کہ نجف اشرف میں مراجع کرام، اساتذہ و عتبات مقدسہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد عراقی دینی ادارے مکمل تعاون پر آمادہ ہو چکے ہیں۔ لبنان میں بھی ایک خصوصی علمی گروہ تشکیل پا چکا ہے جو شہید نصراللہ کی زندگی سے متعلق تمام مستند مواد فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے عربی زبان میں مواد کی فوری اشاعت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لبنان میں علمی اور میڈیا سطح پر بھرپور شرکت کے لیے عربی ترجمہ ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے تمام علمی، تحقیقاتی اور میڈیا پروگراموں کو سات محوری خطوط پر ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ دینی مدارس اور جامعات کے درمیان علمی روابط ممکن ہو سکے۔
آخر میں انہوں نے ایران، عراق اور لبنان میں کانفرنس کے سلسلے میں اقدامات کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام مقالات و نشستوں کے فریم ورک کو جلد از جلد مکمل کر کے عملی مراحل کا آغاز کیا جائے گا۔









آپ کا تبصرہ