۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
عراقچی

حوزہ/ ایرانی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی نے تہران میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ”مکتب نصر اللّٰہ“ سے خطاب میں عالمی برادری کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو آگاہ ہونا چاہیے کہ اگر جنگ پھیلتی ہے تو اس کے اثرات صرف مغربی ایشیا تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ اس کے اثرات دور رس ہوں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی نے تہران میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ”مکتب نصر اللّٰہ“ سے خطاب میں، عالمی برادری کو خبردار کیا اور کہا کہ مغربی ایشیا میں جنگ پھیلے تو اس کے نتائج نہایت سنگین اور دور رس ہوں گے۔

واضع رہے یہ کانفرنس تہران کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ایرانی اعلیٰ حکام سمیت مختلف ممالک کے صاحب نظران شریک ہوئے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے "مکتب نصر اللہ" کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے توسط غاصب اسرائیلی حکومت کو جارحیت سے روکنے کےلیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ مغربی ایشیا میں جنگ شروع ہونے کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ اس کے نتائج دور دراز علاقوں تک پھیل سکتے ہیں۔

ایرانی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالے اور لبنان کے عوام کی مدد کرے۔

ڈاکٹر عباس عراقچی نے جنگ بندی کی تمام تجاویز کو مسترد کرنے اور نسل کشی کے جرائم کو جاری رکھنے پر صیہونی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری غاصب اسرائیل کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

انہوں نے مزاحمتی محاذ کی حمایت کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی فورسز صرف میزائلوں اور فوجی ساز و سامان سے لیس نہیں ہوتیں، بلکہ شہداء کے خون سے مضبوط ہوتی ہیں۔

انہوں شہید سید حسن نصر اللّٰہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہید نصر اللہ علاقائی اور حتیٰ کہ عالمی مساوات میں مزاحمت کو ایک بااثر عنصر میں تبدیل کرنے میں کامیاب رہے۔

ڈاکٹر عباس عراقچی نے مزید کہا کہ شہید سید حسن نصر اللّٰہ، مزاحمت کے ساتھ ساتھ دیرپا امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے مذاکرات اور سفارتی بات چیت پر بھی یقین رکھتے تھے۔

مکتب نصر اللّٰہ کانفرنس سے خطاب میں ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ مزاحمتی میڈیا کو دشمنوں کو غلط بیانیوں سے رائے عامہ کو گمراہ کرنے سے روکنا چاہیے، کہا کہ شہید سید حسن نصر اللہ، مختلف قوموں اور قبیلوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے علمبردار تھے۔

انہوں نے اقوام عالم کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمیشہ خطے کی مظلوم اقوام کے ساتھ رہا ہے اور رہے گا۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر شہید سید حسن نصر اللہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ظلم و جارحیت کے خلاف مزاحمت اور استقامت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ڈاکٹر عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے اصولوں اور اقدار کی بنیاد پر اور سید حسن نصر اللہ جیسے عظیم شہداء سے الہام لیتے ہوئے خطے کی مظلوم قوموں اور مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .