حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ مشگین شہر حجت الاسلام والمسلمین باوقار نے نماز جمعہ کی مرکزی کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ محرم نہ صرف عزاداری اور احیاءِ دین کا مہینہ ہے بلکہ اس کے ذریعہ امت کو بیدار کرنے اور دشمنانِ اسلام، بالخصوص صہیونی چہرے اور ان کی فتنہ انگیز پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کا بھی ایک بہترین موقع فراہم ہوتا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر ماہ محرم کی آمد پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عاشورائی ثقافت کو فروغ دینا ہماری ذمہ داری ہے، اور اس الٰہی ثقافت کے ذریعے ہمیں موجودہ حساس حالات میں معاشرتی سرمایہ کو تقویت دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ "آج ہمیں سادہ اور عام فہم زبان میں، یہود اور ان کی خبیث سیاسی سازشوں کو عوام کے سامنے نمایاں کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں میں بصیرت اور آگاہی پیدا کی جا سکے۔"
حجت الاسلام و المسلمین باوقار نے اسلامی انقلاب کی ایک بڑی کامیابی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ "یہ انقلاب ایسے افراد کی تربیت میں کامیاب رہا ہے جو نظام اسلامی کے شایانِ شان خدمات انجام دے رہے ہیں، اور الحمدللہ، رہبر معظم کی بصیرت افروز قیادت میں ملک ان پیچیدہ حالات میں بھی کامیابی کے ساتھ پیش قدمی کر رہا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ دشمنان اسلام نے اندرونی و بیرونی تمام ذرائع استعمال کرکے ملک پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی، مگر ایرانی عوام اور مسلح افواج نے اپنی سرزمین کا بے مثال دفاع کیا اور ہر مکتبِ فکر سے وابستہ افراد نے وطن کی حمایت میں اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔
امام جمعہ مشگین شہر نے تاکید کی کہ "آج ہم سب پر فرض ہے کہ ان با شعور اور وفادار عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھتے ہوئے معاشرتی اتحاد و وحدت کو محفوظ رکھنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔"
انہوں نے نماز جمعہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا: "نماز جمعہ نظامِ ولایت اور حاکمیت اسلامی کی مظہر ہے، اور ہم سب فخر سے اس الٰہی مورچے میں ولایت کے سپاہی بنے ہوئے ہیں۔ جو بھی نماز جمعہ کی راہ میں قدم بڑھاتا ہے وہ ایک مجاہد اور سپاہی ہے۔"









آپ کا تبصرہ