حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ گذشتہ برسوں کی طرح امسال بھی بارگاہ ام البنین سلام اللہ علیہا منصور نگر میں عشرہ مجالس صبح ساڑھے سات بجے منعقد ہو رہا ہے، جسے مولانا سید علی ہاشم عابدی خطاب فرما رہے ہیں ۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے عشرہ مجالس کی پہلی مجلس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مشہور حدیث "بے شک امام حسین علیہ السلام چراغ ہدایت اور کشتی نجات ہیں۔" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے کہا: خدا کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں زندگی جیسی عظیم نعمت دی کہ ہم ایک بار پھر شہید انسانیت امام حریت ابوعبد اللہ الحسین علیہ السلام کی عزاداری کر سکیں اور کربلا کے شہیدوں اور اسیروں کی خدمت میں خراج عقیدت پیش کر سکیں۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نکاح حضرت ابوطالب علیہ وآلہ نے پڑھا اور خطبہ نکاح کو "الحمدللہ" سے شروع کیا۔" کہا: حضرت ابو طالب علیہ السلام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت اور اعلان اسلام سے برسوں پہلے حمد خدا اور اقرار توحید فرمایا۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے کہا: جہاں عزاداری ہماری ذمہ داری ہے وہیں مقصد شہادت پر توجہ رکھنا بھی ہمارا فریضہ ہے۔ کیونکہ جس نے مقصد شہادت پر توجہ کی تو وہ نہ کسی سے گھبرایا اور نہ ہی خوف کھایا بلکہ اس نے ہر ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔









آپ کا تبصرہ