اتوار 29 جون 2025 - 12:48
جو امام حسین علیہ السلام کا ہوا وہ بے نیاز ہوا: مولانا سید علی ہاشم عابدی 

حوزہ/ جو ہدایت کا خواہاں اور نجات کا طلبگار ہے اسے امام حسین علیہ السلام سے تمسک کرنا ہو گا۔ کیوں کہ دنیا و آخرت میں ہدایت و نجات امام حسین علیہ السلام سے ہی میسر ہو گی۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ گذشتہ برسوں کی طرح امسال بھی بارگاہ ام البنین سلام اللہ علیہا منصور نگر میں عشرہ مجالس صبح ساڑھے سات بجے منعقد ہو رہا ہے، جسے مولانا سید علی ہاشم عابدی خطاب فرما رہے ہیں ۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے عشرہ مجالس کی تیسری مجلس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مشہور حدیث "بے شک امام حسین علیہ السلام چراغ ہدایت اور کشتی نجات ہیں۔" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے کہا: جو ہدایت کا خواہاں اور نجات کا طلبگار ہے اسے امام حسین علیہ السلام سے تمسک کرنا ہو گا۔ کیوں کہ دنیا و آخرت میں ہدایت و نجات امام حسین علیہ السلام سے ہی میسر ہو گی۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے شہید کربلا حضرت حر علیہ السلام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: حضرت حر علیہ السلام پہلے لشکر باطل میں شامل تھے لیکن جب ولایت الہی کی جانب پلٹے تو انکی زندگی قرآنی آیت "اللہ صاحبانِ ایمان کا ولی ہے وہ انہیں تاریکیوں سے نکال کر روشنی میں لے آتا ہے." کا مصداق بن گئی۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے "جہاد اکبر نفس پر غلبہ" کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: حضرت حر علیہ السلام لشکر کے کمانڈر تھے، دنیوی عہدہ تھا۔ جب دنیا کو ٹھکرایا تو دنیا و آخرت دونوں ایسا سنور گئی کہ ان ذوات مقدسہ میں شامل ہو گئے جنکے لئے معصوم امام نے فرمایا: میرے ماں باپ آپ پر قربان! آپ بھی پاک اور وہ زمین بھی پاک ہو گئی جہاں آپ دفن ہوئے اور آپ کو عظیم کامیابی نصیب ہوئی۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے مزید کہا: حضرت حر علیہ السلام نے رہتی دنیا تک پیغام دیا کہ جو امام حسین علیہ السلام کا ہوا وہ بے نیاز ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha