حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے طول و عرض میں 8 محرم الحرام کو بھی جلوس ہائے عزاء برآمد ہوئے۔
آٹھویں محرم الحرام کا روایتی جلوس متحدہ ازگروبازار تا ڈلگیٹ سرینگر تک امن و امان سے برآمد کیا گیا، جلوس میں دسیوں ہزار عزاداروں نے شرکت کی۔
جلوس عزاء میں حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی اور انجمنِ شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین نے بھرپور شرکت کی اور انتظامی اُمور میں پیش پیش رہے۔
جلوس کے نظم و ضبط اور سہولیات کی فراہمی میں انجمن کے رضا کاروں نے رضاکارانہ خدمات انجام دیں اور زائرین و عزاداروں کی ہر ممکن خدمت کو اپنا شعار بنایا۔
اس کے علاؤہ اوٹھورہ، بوگہ چھل، دوین چاڈورہ، پالربڈگام، خانہ پورہ بڈگام، ملک گنڈ چھاترگام، اسکندرپورہ کھاگ، لبرتل بڈگام، مدین صاحب، گلشن باغ بوٹہ کدل سرینگر، کنہ ستھو اوڑینہ، بطکو محلہ زالپورہ، جنکشن محلہ سونہ برن، بونہ محلہ اندرکوٹ، مقدم محلہ گامدو، گاڑہ کہوڑ بانڈی پورہ، کھنہ پیٹہ، اوچھلی پورہ، زاڈی محلہ پٹن بارہمولہ میں جلوس عزاء برآمد ہوئے، جن میں دسیوں ہزار عزاداروں نے شرکت کرکے شہدائے کربلا کو عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔









آپ کا تبصرہ