ہفتہ 5 جولائی 2025 - 10:32
شیخ نعیم قاسم کا دوٹوک اعلان: ہم سرِ تسلیم خم نہیں کریں گے

حوزہ/ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے زور دے کر کہا: وطن کا دفاع کرنے کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے ایامِ عزا اور محرم الحرام کی مناسبت سے ایک خطاب میں واضح پیغام دیا ہے کہ حزب اللہ کسی صورت اپنی مزاحمتی طاقت اور اسلحے سے دستبردار نہیں ہوگی۔

انہوں نے ان عناصر کو مخاطب کرتے ہوئے، جو حزب اللہ سے اسلحہ رکھنے سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں، کہا: "اگر کسی سے کچھ مانگنا ہے تو ان جارح قوتوں سے کہیں کہ وہ ہمارے ملک سے نکل جائیں، نہ کہ ہم سے جو اس سرزمین کا دفاع کر رہے ہیں۔"

شیخ نعیم قاسم نے سوال اٹھایا: "کیا یہ عقلمندی ہے کہ دشمن کی جارحیت پر کبھی زبان نہ کھولی جائے، اور ہمیشہ اپنوں کو موردِ الزام ٹھہرایا جائے؟ اور یہ کہا جائے کہ 'پہلے تم اپنا اسلحہ چھوڑو'؟ اگر کوئی گروہ یا فرد ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہے تو یہ ان کی اپنی مرضی ہے، لیکن ہم تسلیم ہونے والے نہیں۔ ہمارا شعار ہے: ہیھات منا الذلۃ ۔"

انہوں نے مزید کہا: "آپ نے مزاحمت کو کمزور سمجھ کر غلط اندازہ لگایا ہے، اور یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ دوسروں کی طاقت کے سہارے ہم پر دباؤ ڈال سکتے ہیں، لیکن جان لیں کہ مزاحمتی قوم دشمن سے نہیں ڈرتی۔"

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اصل کامیابی اس وقت حاصل ہوگی جب ہمارا وطن اور ہماری سرزمین آزاد ہو جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا: "یہی ہمارا پیغام ہے، اور ہم اس کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ آج اسرائیل ایک قابض قوت ہے اور اسے ہماری سرزمین سے نکلنا ہوگا۔ اس قبضے کا واحد مؤثر جواب مزاحمت ہے۔"

آخر میں انہوں نے کہا: "وطن کے دفاع کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔ اگر واقعی کوئی متبادل راہ حل موجود ہے، تو ہم تیار ہیں کہ اُن تمام افراد سے تفصیل سے بات کریں جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ اس دفاع کی طاقت رکھتے ہیں۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha