حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سربراہ حجت الاسلام شیخ نعیم قاسم نے گزشتہ روز اپنے خطاب میں کہا ہے کہ تمام عرب اور اسلامی اقوام پر فرض ہے کہ وہ غزہ کی حمایت کریں۔
انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل خطے میں کسی بھی مزاحمتی منصوبے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، حزب اللہ نے اسرائیلی حکومت پر کاری ضرب لگائی ہے۔
شیخ قاسم نعیم نے مزید کہا کہ ہم نے غاصب اسرائیلی حکومت کے خلاف مزاحمتی راہ میں بڑی قربانیاں دیں، قابض حکومت کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ، جارحیت کے خاتمے کے لیے تھا، نہ ہی مزاحمت کے خاتمے کے لئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کا مقابلہ مناسب طاقت کے ساتھ کیا جانا چاہیے، قربانیاں مزاحمت کے راستے کو ہموار بناتی ہیں، ہماری سرزمین کو مزاحمت کے بغیر آزاد نہیں کروایا جا سکتا۔
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ مزاحمت کے جنگی طریقے اور ذرائع، حالات کے مطابق بدل سکتے ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کا لبنان کے اندرونی معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے، حزب اللہ نے غاصب اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں پر صبر کا مظاہرہ کیا۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ مزاحمت کی طرف سے دی گئی قربانیاں وہ قیمت ہیں، جو اس نے اپنے تسلسل کے لئے ادا کی ہے۔