بدھ 16 جولائی 2025 - 14:42
قیامِ امام حسینؑ سے وابستگی ہمیں عزت و کرامت کا احساس دلاتی ہے

حوزہ/ لبنان کے معروف سنی عالم دین اور جمعیت "قولنا و العمل" کے سربراہ شیخ احمد القطان نے کہا ہے کہ جب ہم یہ کہتے ہیں کہ ہم قیامِ امام حسین علیہ السلام سے وابستہ ہیں تو ہمیں عزت، کرامت اور فخر کا احساس ہوتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے معروف سنی عالم دین اور جمعیت "قولنا و العمل" کے سربراہ شیخ احمد القطان نے کہا ہے کہ جب ہم یہ کہتے ہیں کہ ہم قیامِ امام حسین علیہ السلام سے وابستہ ہیں تو ہمیں عزت، کرامت اور فخر کا احساس ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر سعدنایل میں حاج جهاد موسیٰ کے گھر منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم لبنان میں اس وقت تک خوف زدہ نہیں ہوتے جب تک ہمارے درمیان ایسے ثابت قدم رہنما موجود ہیں جیسے کہ حزب اللہ کے نائب سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم، پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری، اور وہ تمام قائدین جو لبنان کی عزت، طاقت اور وقار کی حفاظت کے لیے کوشاں ہیں۔

شیخ القطان نے کہا: "ہم جب کہتے ہیں کہ ہم محورِ مقاومت کا حصہ ہیں تو ہمیں فخر محسوس ہوتا ہے، کیونکہ ہم ایک ایسی اقلیت ہیں جو ظلم کی اکثریت کے سامنے ڈٹی ہوئی ہے۔ یہ اکثریت انسانیت کو تباہ کر رہی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ لبنان کے بارے میں ہمیں کوئی خوف نہیں، اور نہ ہی ہم اُن توہین آمیز بیانات پر کوئی ردعمل دیں گے جو لبنان کے خلاف دیے جا رہے ہیں، کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ایمان، حب الوطنی، استقامت اور دفاعِ وطن کا جذبہ ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا: "ہمارے اسلحے کو ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ ہم اپنے اسلحے کا استعمال صرف دشمن اسرائیل کے خلاف کرتے ہیں، اور یہ دفاعی طاقت ہمارے وجود کی علامت ہے۔"

شیخ القطان نے کہا کہ اگر دشمن لبنان کے تمام علاقوں سے مکمل طور پر پیچھے ہٹ جائے، تب ہم ایک جامع دفاعی حکمتِ عملی پر غور کریں گے جو لبنان کو صہیونی درندے سے محفوظ رکھ سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کا نظریہ دریائے نیل سے فرات تک تسلط قائم کرنے کا ہے، اور یہ علاقائی سالمیت کے لیے شدید خطرہ ہے۔

فلسطین کے بارے میں بات کرتے ہوئے شیخ القطان نے کہا کہ "غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ مکمل نسل کشی ہے۔ آج دنیا کا کوئی بھی باشعور انسان غزہ میں جاری قتل عام اور ظلم و ستم کا انکار نہیں کر سکتا۔"

انہوں نے مزید کہا: "لبنان نے بھی اس راہ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ہم نے اپنے بہترین افراد قربان کیے ہیں اور یہ قربانیاں ہمیں راہِ حق پر مزید ثابت قدمی عطا کرتی ہیں۔ جب تک ہمارا ایمان حسینی ہے، ہم ظلم کے خلاف ڈٹے رہیں گے اور یا تو کامیاب ہوں گے یا شہادت کے ذریعہ سرفراز۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha