حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بیروت/ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ لبنان کی سرزمین پر صیہونی ریاست کا قبضہ عارضی ہے اور اس کا خاتمہ یقینی ہے۔
انہوں نے پیر کی شب ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مسلسل مزاحمت میں مصروف ہیں، اور ان دونوں کے حامی لبنان کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے حزب اللہ کے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: "ہم دفاعی پوزیشن میں ہیں، ہمیں یہ نہ کہو کہ ہم دفاع نہ کریں۔ ہمیں یہ بھی نہ کہو کہ ہم ہتھیار ڈال دیں، کیونکہ ہمارے مقابل وہ طاغوتی قوتیں ہیں جو انسانیت کی تقدیر پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں۔ ہم نے امام حسینؑ سے سیکھا ہے کہ ظلم کے آگے ہرگز سر نہیں جھکانا — هیهات منا الذلة۔"
انہوں نے زور دے کر کہا کہ: "ہم اپنی سرزمین سے وابستہ ہیں۔ حزب اللہ ہر اُس قابض کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گی، اور کوئی بھی شخص اپنے مفادات کی خاطر ہمیں ہمارے حق سے محروم نہیں کر سکتا۔"
"ہم امریکہ اور اسرائیل کو ظلم کی اجازت نہیں دیں گے"
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے اسرائیل کو "ظالم اور مجرم ریاست" قرار دیتے ہوئے کہا: "امریکہ دنیا میں زندگی کے تانے بانے برباد کرنا چاہتا ہے، اور یہ ہمارا حق ہے کہ ہم ان دونوں کو 'نہ' کہیں۔"
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کے حامی لبنان کو تباہی اور نامعلوم انجام کی طرف دھکیل رہے ہیں، لیکن "ہم اپنی سرزمین کو آزاد کر کے رہیں گے اور کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمیں ظلم کا شکار بنائے یا ہمارے روشن مستقبل کی راہ میں رکاوٹ بنے۔"
آخر میں انہوں نے حزب اللہ کے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: "ہم آپ سے صرف اتنا چاہتے ہیں کہ اسرائیل اور امریکہ کی سازشوں اور منصوبوں کا ساتھ نہ دیں۔ حزب اللہ ہرگز اسرائیل کو امن اور استحکام نصیب نہیں ہونے دے گا۔"









آپ کا تبصرہ