اتوار 27 جولائی 2025 - 10:53
امام جمعہ بغداد: قانونِ حشد الشعبی میں مداخلت عراق کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے / غزہ میں نسل کشی امریکہ و اسرائیل کا منظم منصوبہ ہے

حوزہ/ عراق کے معروف عالم دین اور امام جمعہ بغداد آیت اللہ سید یاسین موسوی نے اس ہفتے کے خطبہ جمعہ میں کہا کہ عوامی رضاکار فورس (حشد الشعبی) سے متعلق قانون کی منظوری پر امریکی دباؤ عراق کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے معروف عالم دین اور امام جمعہ بغداد آیت اللہ سید یاسین موسوی نے اس ہفتے کے خطبہ جمعہ میں کہا کہ عوامی رضاکار فورس (حشد الشعبی) سے متعلق قانون کی منظوری پر امریکی دباؤ عراق کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کی عراقی وزیر اعظم کو قانونِ حشد الشعبی پر خبردار کرنے والے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: "کیا ہم امریکہ کی کالونی بن چکے ہیں؟ حکمرانی صرف نعروں سے نہیں بلکہ بہادرانہ موقف سے حاصل ہوتی ہے"۔

آیت اللہ موسوی نے حشد الشعبی کو عراق کی سلامتی کا ضامن قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس ادارے کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش دراصل ملک کے امن و استحکام کے ساتھ کھیل ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صاف صاف الفاظ میں امریکی مداخلت کو مسترد کرے۔

خطبہ جمعہ میں انہوں نے غزہ میں جاری قتل عام کو "منظم نسل کشی اور سامراجی منصوبے کا حصہ" قرار دیا، جس کی قیادت امریکہ اور اسرائیل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: "غزہ میں روزانہ بچوں، خواتین اور شہریوں کا قتل عام انسانیت کے ضمیر کا امتحان ہے، لیکن اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔"

آخر میں آیت اللہ موسوی نے تاکید کی: "ہم آیت اللہ سیستانی، حشد الشعبی اور مقاومت کی برکت سے امریکہ و اسرائیل کے ان تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے۔ ان شاءاللہ، غزہ اور امت اسلامی کی فتح یقینی ہے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha