اتوار 3 اگست 2025 - 18:15
زیارت اربعین؛ حقیقی ایمان کی عملی تصویر

حوزہ / زیارت اربعین، کربلائے عشق و وفا کی طرف الٰہی دعوت ہے؛ یہ دلوں اور قدموں کا ایک عظیم کارواں ہے جو نورانی راستے میں سچے ایمان کی تجلی پیش کرتا ہے۔ اسلامی منابع میں زیارت اربعین کو کامل ایمان کی نشانی شمار کیا گیا ہے کیونکہ یہ مذہبی عمل اُس امام کے راستے سے وفاداری کا اظہار ہے جس نے حق کے لیے اپنا خون قربان کیا تاکہ ہدایت کا چراغ بجھنے نہ پائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی | دینی شعائر، ایمان کی پختہ بنیادوں کی مانند ہیں جو ادیانِ الٰہی کی حیات اور پائیداری کی ضمانت دیتے ہیں۔ حج، طواف کعبہ، عید فطر، عید قربان، غدیر، محرم، عاشورا اور اربعین جیسے مناسک، الٰہی یاد اور اسلامی اقدار کی روشنی کو دلوں میں زندہ رکھتے ہیں۔ ان میں "اربعین" کو ممتاز اور منفرد مقام حاصل ہے جو صرف سیدالشہداء کی شہادت کے چالیسویں کی یادگار کے طور پر نہیں بلکہ ایک زندہ، مقاوم اور عالمی رسم کے طور پر، جو ظلم اور جہالت کے مقابلے میں آزادی اور بیداری کا پرچم بلند کرتی ہے۔

زیارت اربعین، سرزمین عشق کی طرف الٰہی دعوت ہے؛ دلوں اور قدموں کا ایسا کارواں جو سچے ایمان کی عملی تصویر ہے۔ اسلامی متون میں اسے کامل ایمان کی علامت قرار دیا گیا ہے، کیونکہ یہ عبادت اُس امام کے راستے سے وفاداری ہے جس نے اپنے خون سے ہدایت کی شمع روشن رکھی۔

اربعین، تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور اقوام و ملتوں کے مابین ثقافتی تبادلے کا بھی میدان ہے۔ مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم بھی اس معنوی فضا میں شرکت کرتے ہیں اور ایک دوسرے کی ثقافت سے آشنا ہوتے ہیں۔ یہ ثقافتی رابطہ دلوں میں صلح، دوستی اور باہمی تفاهم کے بیج بوتا ہے۔

اربعین صرف ایک پیدل مارچ نہیں بلکہ یہ "اسلام محمدی الوجود و حسینی البقاء" کی زندہ ترین علامت ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنے خون سے محمدی اقدار کی حفاظت کی اور دین کے بقاء کا راستہ ہموار کیا۔ اربعین، ہر طرح کی آمریت و فساد کے مقابلے میں قیام کا پیغام ہے؛ ظلم کے خلاف مسلسل مزاحمت کی علامت اور "ہَیهات مِنّا الذلّه" کی ایسی گونج ہے جو آج کے میڈیا کے دور میں بھی فریب و تسلط کے خلاف گواہی دیتی ہے۔

زائرینِ اربعین کے مضبوط قدم ظلم کے سرغنوں کی سازشوں پر خطِ بطلان کھینچ دیتے ہیں۔ تاریخ میں شعائرِ الٰہی کو سینسر، تحریف یا تضعیف کے ذریعے مٹانے کی کوششیں ہوئیں لیکن اربعین ایک ایسےروشن سورج کی مانند ہے جو آزادی کے آسمان پر چمکتا ہے اور منافقوں کے چہروں سے نقاب ہٹا دیتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha