حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق؛ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر حرم امام رضا(ع) کے خادمین عراق کے مختلف شہروں جیسے نجف، کربلا، کاظمین اور سامرا وغیرہ میں موکب لگا کر زائرین کو مختلف خدمات اور سہولیات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
حرم امام رضا(ع) کے شعبۂ امور خادمین کے ڈائریکٹر جناب سید علی بامشکی نے بتایا کہ حرم امام رضا(ع) کے خادمین کی مخلصانہ خدمات اب صرف حرم امام رضا(ع) تک محدود نہیں ہیں، بلکہ ایران کے جنوب مشرق سے جنوب مغرب اور عراق تک پھیل چکی ہیں۔
انہوں نے مزید یہ بتایا کہ چہلم امام حسین(ع) کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) کے خادموں کا ایک گروپ زائرین کی خدمت کرنے کے سلسلے میں عراق روانہ کیا گیا ہے ۔
جناب بامشکی نے بتایا کہ عراق میں امام رضا(ع) کے مبارک نام سے لگائے جانے والے مواکب پر یہ خادمین خدمات کے فرائض انجام دیں گے ، ان خادموں میں زیادہ تر افراد وہی کے مقامی افراد ہیں جو آستان قدس رضوی کے تعاون سے زائرین کو مختلف خدمات فراہم کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ’’سفیران امت روؤف‘‘ کے عنوان سے خادمین کا ایک گروپ ان موکب پر خدمت کرنے والے خادموں کو حرم امام رضا(ع) کا متبرک پرچم اور دیگر متبرکات پہنچانے کے فرائض انجام دے گا۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ خادموں کا پہلا کاروان گزشتہ ہفتے اور دوسرا کاروان رواں ہفتے روانہ ہو رہا ہے، مجموعی طور پر ان خادموں کی تعداد ایک ہزار ہے جو حرم امام رضا(ع) کی خدمت کا مخصوص لباس پہن کر عراق میں اور بارڈر پر خدمات انجام دیں گے۔
زائرین کو دی جانے والی خدمات میں غذا،رہائش،طبی خدمات،زائرین کے سامان کی تعمیر اور متبرک پیکٹ جیسے مصری ،نمک اور روٹی وغیرہ تقسیم کرنا شامل ہے۔
انہوں نے مزید یہ بتایا کہ چہلم امام حسین(ع) کے اختتام پر یہ خادمین زائرین کو رخصت کر کے مشہد مقدس واپس تشریف لائیں گے تاکہ ماہ صفر کے آخری عشرے میں خصوصاً شہادت امام رضا(ع) کے موقع پر زائرین حرم امام رضا(ع) کی خدمت کرسکیں۔









آپ کا تبصرہ