جمعرات 14 اگست 2025 - 19:51
اربعین حسینی ایثار و دینی غیرت کا عظیم پیغام ہے: حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا کمال حیدر خان

حوزہ/ نجف اشرف سے کربلا تک پیدل سفر کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا کمال حیدر خان نے کہا کہ امام حسین علیہ الصلاۃ والسلام کی زیارت صرف عبادت نہیں بلکہ یہ انسانیت، ایثار اور دینی غیرت کے پیغامات کا عملی ذریعہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فاضل قم المقدسہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا کمال حیدر خان نے حوزہ نیوز ایجنسی کے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے اربعین حسینی کی روحانی اہمیت اور اس کے اندر پوشیدہ درس و پیغامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ الصلاۃ والسلام کی زیارت میں بے شمار پیغامات موجود ہیں، جن میں سب سے بڑا پیغام جذبۂ ایثار ہے۔ انسان اپنی ضروریات کو بالائے طاق رکھ کر دوسروں کی ترجیح دے تو یہی اصل انسانیت کا سب سے بڑا درس ہے۔

مولانا نے دینی غیرت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر دور میں، خواہ آج کا زمانہ ہو یا گزشتہ صدیان، معصومین علیہم الصلوۃ والسلام اس لیے تنہا ہوئے کہ لوگوں میں ظاہری غیرت تو موجود تھی، لیکن دینی غیرت معدوم تھی۔ لوگ اپنی زمین، مال اور ناموس کے لیے غیرت دکھاتے، مگر جب دین پامال ہوتا تو اسے معمولی بات سمجھا جاتا۔ سرکار سید الشہداء علیہ السلام نے اپنی قربانی کے ذریعے واضح پیغام دیا: "اللہ تعالیٰ کے دین کی حفاظت ہر مسلمان کی سب سے پہلی ذمہ داری ہے۔"

انہوں نے مسلمانوں کی روزمرہ مصروفیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگ نماز، روزہ اور زکوٰۃ تو بجا لاتے ہیں مگر محض عادت کے طور پر، دینی غیرت سے خالی ہیں۔ اربعین امام حسین علیہ السلام دینی غیرت، ایثار اور قربانی کی عملی تصویر پیش کرتا ہے اور ہر قدم پر یہ ہمیں اپنی زندگی میں نافذ کرنے کی ترغیب دیتا ہے تاکہ کوئی امام یا معصوم تنہا نہ رہے۔

مولانا کمال حیدر خان نے کہا کہ سرکار سید الشہداء علیہ السلام اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے در سے جو رزقِ معنوی ہمیں ملتا ہے وہ اخلاص، ایثار اور غیرتِ دینی ہے۔ حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے دشمن کے سامنے قرآن کی تلاوت کر کے یہ اعلان کیا کہ دین زندہ ہے، اور چادر چھن جانے کے باوجود دشمن نہ قرآن ختم کر سکتا ہے اور نہ ذکرِ اہل بیت علیہم السلام مٹا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کربلا کا سب سے اہم درس یہ ہے کہ ظلم کے سامنے دل بے چین ہو، ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے اور اپنی ظاہری طاقت کو نہ دیکھیں، کیونکہ اصل کامیابی دینے والا اللہ تعالیٰ ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ چاہے چھوٹی سے چھوٹی طاقت ہو، اسے استعمال کریں اور باقی قوت اللہ تعالیٰ عطا فرمائے گا۔

مولانا کمال حیدر خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام زائرین کی زیارتیں قبول فرمائے اور انہیں کربلا کے در سے سرشار کرے تاکہ یہ درسِ دینی غیرت اور ایثار ہماری روزمرہ زندگی میں عملی طور پر نافذ ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha