حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں اتوار کے روز لاکھوں افراد فلسطین کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے۔ صرف سڈنی، ملبورن اور بریزبن سمیت مختلف شہروں میں 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطین کی آزادی کے حق میں آواز بلند کی۔
یہ احتجاج ایسے وقت میں ہوا جب آسٹریلوی حکومت فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کے قریب ہے، جس کے بعد تل ابیب اور کینبرا کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، ملک بھر میں 40 سے زائد مقامات پر مظاہرے کیے گئے جن میں عوام نے ’’فلسطین کو آزاد کرو‘‘، ’’غزہ میں نسل کشی بند کرو‘‘ اور ’’اسرائیل کا بائیکاٹ کرو‘‘ جیسے نعرے لگائے۔
اس سے قبل آسٹریلوی حکام نے اعلان کیا تھا کہ وہ فرانس اور کینیڈا جیسے ممالک کی طرح فلسطین کو مشروط طور پر تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم اسرائیلی حکام نے اس فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آسٹریلوی سفارتکاروں کے ویزے منسوخ کر دیے تھے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، آسٹریلوی حکومت پر عوامی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے اور یہی دباؤ سیاست دانوں کو فلسطین کے بارے میں اپنی پالیسی پر نظرِ ثانی کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔









آپ کا تبصرہ