پیر 22 ستمبر 2025 - 10:04
انگلینڈ، آسٹریلیا اور کینیڈا نے فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرلیا

حوزہ/ نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر تین مغربی ممالک، برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا نے الگ الگ بیانات میں فلسطین کو بطور آزاد اور خودمختار ریاست باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر تین مغربی ممالک، برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا نے الگ الگ بیانات میں فلسطین کو بطور آزاد اور خودمختار ریاست باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ "اب مزید انتظار ممکن نہیں، کیونکہ دو ریاستی حل کا موقع تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے۔" انہوں نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع کو ایک منظم رکاوٹ قرار دیا اور غزہ پر جاری حملوں کو ہزاروں بےگناہ شہریوں کی شہادت، لاکھوں کی بے دخلی اور قحط کی اصل وجہ بتایا۔ کارنی نے واضح کیا کہ کینیڈا فلسطین کو تسلیم کرتا ہے اور امن پر مبنی مستقبل کی تعمیر میں شریک ہوگا۔

اسی طرح آسٹریلیا نے بھی اعلان کیا کہ وہ فلسطین کو ایک آزاد ریاست مانتا ہے۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیزی کے مطابق یہ فیصلہ ملک کی دیرینہ پالیسی، یعنی دو ریاستی حل کی حمایت کا تسلسل ہے۔ کینبرا نے مزید کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس کو باضابطہ طور پر صدرِ ریاست تسلیم کیا گیا ہے، تاہم مکمل سفارتی تعلقات فلسطینی انتظامیہ کی اصلاحات پر منحصر ہوں گے۔

برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے بھی کہا کہ ان کا ملک فلسطین کو تسلیم کرتا ہے، اور یہ اقدام "حماس کے لیے کوئی انعام نہیں بلکہ دو ریاستی حل کی بقا کا ایک قدم ہے۔" لندن نے وضاحت کی کہ غزہ کی تباہ کن صورتحال کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

یہ تینوں ممالک پہلے ہی اسرائیل کو خبردار کر چکے تھے کہ اگر جنگ بندی نہ کی گئی تو فلسطین کو تسلیم کرلیا جائے گا۔ اب ان کے اس فیصلے سے اسرائیل پر دباؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دنیا کے ۱۴۰ سے زائد ممالک پہلے ہی فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرچکے ہیں، جبکہ رپورٹس کے مطابق فرانس بھی جلد اس صف میں شامل ہوسکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha