حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا عمل تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اقوام متحدہ کے فورم پر اسرائیل کے خلاف سخت مذمتی بیانات سامنے آئے ہیں۔
فرانس، بیلجیم، لکسمبرگ، مالٹا، موناکو اور آندورا نے باضابطہ طور پر فلسطین کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال بھی اسی نوعیت کا فیصلہ کر چکے تھے۔ یہ سب اس موقع پر ہوا جب نیویارک میں منعقدہ "دو ریاستی حل" کے بین الاقوامی اجلاس میں دنیا کے رہنماؤں اور نمائندوں نے اسرائیل کی جانب سے گزشتہ دو برس سے جاری غزہ میں نسل کشی کی شدید مذمت کی۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اب مزید فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے میں تاخیر نہیں کرسکتے۔" انہوں نے اعتراف کیا کہ مشرق وسطیٰ میں منصفانہ امن قائم کرنے میں عالمی برادری اب تک ناکام رہی ہے۔ میکرون نے کہا: "فلسطین میں عرب ریاست کے قیام کا وعدہ اب تک پورا نہیں ہوا۔ ہمیں امن کا راستہ ہموار کرنے اور دو ریاستی حل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنا ہوگا۔"
انہوں نے اسرائیل کے غزہ میں جاری فوجی اقدامات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ "ہزاروں فلسطینیوں کی زندگیاں برباد ہو رہی ہیں۔ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے اس کا کوئی جواز نہیں۔ جنگ کو ختم کرنا اور جانوں کو بچانا ضروری ہے۔"
اسی کانفرنس میں لکسمبرگ کے وزیرِاعظم لوک فریڈن، مالٹا کے وزیرِاعظم رابرٹ ابیلا، اور موناکو کے امیر پرنس البرٹ دوم نے بھی باضابطہ طور پر فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ موناکو کے امیر نے کہا: "بین الاقوامی قانون کے تحت فلسطین کو تسلیم کرتے ہیں۔ امن کو دور کا خواب نہیں رہنا چاہیے، دو ریاستوں پر مبنی حل ہی خطے میں استحکام لا سکتا ہے۔"
بیلجیم کے وزیرِاعظم بارت دے ویفر نے کہا کہ "اسرائیلی آبادکاری، غزہ پر مکمل قبضے کی فوجی کارروائیاں اور اسرائیلی حکومت کا فلسطینی ریاست کے وجود سے انکار، یہ سب وجوہات ہمیں فلسطین کو تسلیم کرنے پر مجبور کرتی ہیں۔"
اسی طرح آندورا کی وزیرِ خارجہ ایما تور فاوس نے بھی اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔
اس طرح پیر کے روز چھ ممالک کے نئے فیصلوں کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد 193 رکن ممالک میں سے 150 سے تجاوز کر گئی ہے۔ یاد رہے کہ فلسطینی ریاست کا باضابطہ اعلان پہلی بار 1988 میں یاسر عرفات نے الجزائر میں کیا تھا۔









آپ کا تبصرہ