پیر 19 مئی 2025 - 12:38
اٹلی کے عوام کا یوم النکبت پر احتجاج، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

حوزہ/ اٹلی میں 77ویں یوم النکبت کے موقع پر ہزاروں افراد نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف مظاہرے کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اٹلی میں 77ویں یوم النکبت کے موقع پر ہزاروں افراد نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف مظاہرے کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

ہفتے کے روز رم اور میلان میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "فلسطین آزاد کرو"، "غزہ کی ناکہ بندی ختم کرو" اور "جنگ بند کرو" جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ عام شہریوں کا قتل عام بند ہو اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹیں دور کی جائیں۔

اسی دوران اٹلی کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ آنتونیو تاجانی نے سسلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی نہیں چاہتا کہ فلسطینی مزید اذیت میں مبتلا ہوں۔ انہوں نے موجودہ حالات کو یوکرین اور مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں سے جوڑتے ہوئے کہا کہ غزہ کے لوگوں کو امن کا حق حاصل ہے۔

اپوزیشن جماعتوں نے تاجانی پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ محض بیانات دینے کے بجائے عملی اقدام کریں اور اسرائیلی وزیر اعظم سے براہ راست رابطہ کر کے بمباری روکنے، غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے اور امدادی سامان کی فراہمی کو ممکن بنائیں۔

یاد رہے کہ یوم النکبت فلسطینیوں کے لیے وہ دن ہے جب 1948 میں اسرائیل کے قیام کے وقت 750,000 سے زائد فلسطینیوں کو زبردستی ان کے گھروں سے نکال دیا گیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق یہ نقل مکانی فلسطینی تاریخ کا بدترین انسانی المیہ تھی، جو آج بھی جاری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha