حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میڈیا نے بتایا کہ لاس اینجلس کی پولیس کی سینکڑوں فلسطینی حامیوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی جو ایک بڑے شاپنگ مال کے سامنے جمع تھے، لاس اینجلس پولیس نے مظاہرین کو مال میں داخل ہونے سے روک دیا۔
سی این این نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے ذریعہ جنگ جاری رکھنے کے خلاف سینکڑوں فلسطینی حامی اور مظاہرین سنیچر کو لاس اینجلس میں سڑکوں پر مارچ کر رہے تھے کہ اسی دوران پولیس نے درجنوں کاروں اور موٹرسائیکل یونٹوں کے ساتھ روڈ کی ناکہ بندی کر دی اور راستہ نہیں دیا اور لوگوں کو مارچ جاری رکھنے سے روک دیا۔
لاس اینجلس پولیس نے کہا کہ مظاہرین نے بیورلی مال کے راستے میں ایک چوراہے پر دھرنا دے رکھا تھا، جس کے بعد پولیس نے اس مظاہرے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے لوگوں کو منتشر کرنے کا حکم دیا۔
سی این این نے مزید کہا: جب کہ اس بڑے مظاہرے کی وجہ سے آس پاس کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور اس کے نتیجے میں اسرائیل کے حامیوں کی ایک قلیل تعداد ان کے سامنے جمع ہوگئی، لیکن یہ مظاہرہ پرامن طور پر ختم ہوگیا، سڑکوں پر بیٹھ کر اور سڑک بلاک کرکے مظاہرین نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور صیہونی حکومت کی طرف سے فلسطینیوں پر مسلسل بمباری کے خلاف احتجاج کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فلسطینی حامیوں نے غزہ کی حمایت اور صیہونی حکومت کے جرائم سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے جرمنی کے دار الحکومت برلن میں بھی احتجاج کیا تھا۔