حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او پاکستان کے تحت جنوبی پنجاب میں آزادی فلسطین ریلی کا انعقاد ہوا جس میں تمام مسالک کے علماء اور عمائدین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق، آزادی فلسطین ریلی علی چوک، حسین آگاہی سے ہوتا ہوا گھنٹہ گھر چوک پر جلسے کی شکل اختیار کر گئی، ریلی میں منہاج آلقران، متحدہ موومنٹ پاکستان و دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فلسطین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی بزدل ہیں جو عام عوام کا قتل عام کر رہے ہیں، کہاں گئے انسانی حقوق عورتوں بچوں کے حقوق۔؟ غزہ میں امریکی اور برطانوی فوجی مارے جا رہے ہیں، پوری دنیا کے فرعون غزہ پر حملہ آور ہیں، خدا چاہتا ہے مظلومین، ظلم کے مقابلے میں فریاد بلند کریں، اس وقت دو طرح کی جبگ جاری ہے ایک اسلحے کی اور ایک بیانیے کی جنگ ہے، آپ نے بیانیے کی جنگ میں اسرائیل امریکہ کو شکست دے دی ہے، آج دنیا فلسطینیوں کے حق میں سراپا احتجاج ہے، اولیاء اللہ کی سرزمین پر مظلومین فلسطین کے حق میں نکلنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمت نے غاصب اسرائیل کو گھیر لیا ہے اور غاصب اسرائیل کا وجود جلد ختم ہونے والا ہے، دو ریاستی حل کے فارمولے کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر ملین مارچ کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں ایسا ملین مارچ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ہو گا۔
سربراہ جمیعت علمائے اہلحدیث ضیاء اللہ شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی سفاکیت کو روکنے میں جہاں عالمی برادری ناکام ہے، وہاں اسلامی ممالک اور عرب لیگ بھی مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، آج جس طرح فلسطینی عوام کا قتل عام ہو رہا ہے حق بنتا تھا کہ تمام کلمہ گو متحد ہو کر اسرائیل کو واضح اور جرأت مندانہ پیغام دیتے، جنگ بندی کی قرارداد کو امریکہ کا ویٹو کرنا مسلم حکمرانوں کے منہ پر تماچہ ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حکمران اسرائیل نارملائزیشن کی شیطانی چالوں سے باز رہیں، ریاست صرف فلسطین ہے دو ریاستی فارمولہ مسترد کرتے ہیں، امریکہ کا تسلط دنیا پر کمزور ہو چکا ہے، دنیا کی مزاحمت اور بیداری نے امریکی ہیبت کو توڑ دیا ہے، اس وقت دنیا میں تمام قومیں فلسطین کے ساتھ ہیں، جبکہ حکمران طبقہ اسرائیل کی پشت پر نظر آتا ہے، آزادی فلسطین قریب ہے اور غاصب اسرائیل نابود ہو کر رہے گا۔
ایم ڈبلیو ایم کے جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ یہاں موجود بچے فلسطین کے بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ملت پاکستان مظلومین فلسطین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی، گریٹر اسرائیل کا منصوبہ خاک میں مل گیا ہے، انسانی حقوق کے علمبراد کہلانے والے درندوں سے بھی بدتر نکلے، امریکہ اور یورپ کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینوں پر سلام ہو جنہوں نے یورپ و امریکہ کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آشکار کر دیا، ساٹھ دنوں کی جنگ نے ثابت کیا کہ مزاحمت مظبوط ہے، ان تمام بچوں، عورتوں اور مردوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو فلسطینوں کے لئے یورپ و امریکہ میں نکلے، پاکستان میں اسرائیل کے حق میں بیانیہ بنانے والے نظریہ پاکستان کے مخالف ہیں۔
جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ہم اہل غزہ کے مظلومین کے ساتھ کھڑے ہیں، آج انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر بھی دنیا کے نام نہاد حقوق انسانی کے دعویداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، امریکہ اسرائیل کی درندگی کی کھل کر حمایت کر رہا ہے اور اس سلسلے میں عالم اسلام کا کردار مایوس کن ہے۔