حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مراکش کی ایک غیر سرکاری تنظیم "سپورٹنگ نیشنز ایشوز" نے ایک بیان شائع کیا اور اعلان کیا کہ مراکش کے لوگ مسلسل 41ویں ہفتے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرنے کے لئے سڑکوں پر اترے اور " طوفان الاقصی " آپریشن کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
اس بیان کے مطابق قنیطرہ، شمال میں الناظور ، طنجہ ، مکناس کے علاوہ مراکش کے مشرق میں احفیر شہر میں جمعہ کو فلسطین کی حمایت میں مظاہرے دیکھنے میں آئے۔
مظاہرے کے شرکاء نے فلسطینی پرچم اور چفیہ اٹھا کر صیہونی حکومت کے خلاف شدید نعرے لگائے اور غزہ میں جنگ جاری رکھنے کی مذمت کی۔
مراکش کے مظاہرین نے اس سے قبل اس ملک کی حکومت سے اسرائیلی حکومت سے تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 15 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں اور تقریباً 10 ہزار فلسطینی ابھی تک لاپتہ ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
غزہ اسرائیلی افواج کے محاصرے میں ہے اور اسرائیلی فوج انسانی امداد کے صرف ایک محدود حصے کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے رہی ہے۔