ہفتہ 6 ستمبر 2025 - 06:48
اسلامی وحدت کے لیے اہل تشیع کی قربانیاں بے مثال ہیں، امام جمعہ لکھنؤ

حوزہ/امام جمعہ لکھنؤ ہندوستان مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازِ جمعہ کے خطبوں میں ہفتۂ وحدت کے موقع پر عالم اسلام کو تبریک اور علمی وحدت و اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی وحدت کے لیے اہل تشیع کی قربانیاں بے مثال ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ لکھنؤ ہندوستان اور حوزہ علمیہ غفران مآب کے پرنسپل مولانا سید رضا حیدر زیدی نے شاہی آصفی مسجد میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں ہفتۂ وحدت کے موقع پر عالم اسلام کو تبریک اور علمی وحدت و اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی وحدت کے لیے اہل تشیع کی قربانیاں بے مثال ہیں۔

انہوں نے ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے کہا کہ اسلامی وحدت کے لیے جتنی قربانیاں شیعوں نے دی ہیں اگر اس کا دسواں حصہ بھی غیر شیعہ دے دیتے تو حالات بدل جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سید حسن نصر اللہ رحمۃ اللہ علیہ کی جان کوئی معمولی جان نہیں تھی وہ قربان ہو گئی، ایران پر حملہ ہوا جس میں کافی جانی اور مالی نقصان ہوا۔ عالم اسلام کو سوچنا چاہیے کہ فلسطین میں شیعہ نہیں رہتے۔ لیکن مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں شیعوں نے قربانیاں پیش کی۔

امام جمعہ لکھنؤ مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید کہا کہ جس طرح تبرے سے اہل سنت کو تکلیف پہنچتی ہے، ویسے ہی اگر کوئی جعلی اور جھوٹی روایات کو بنیاد بنا کر امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے والد ماجد حضرت ابو طالب علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرتا ہے یا یزید ملعون کو "رضی اللہ" کہتا ہے تو ہمیں بھی تکلیف ہوتی ہے، لہٰذا ہماری گزارش ہے کہ اپنی قوم کو سمجھائیں اور وقت کے یزید اور عمر بن سعد کو پہچنوائیں، زمانے کا یزید وہ ہے جس کے ہاتھ پر تمہارے فقہاء نے بیعت کر رکھی ہے۔

انہوں نے یہ بتاتے ہوئے کہ "عاشورا کا بنیادی پیغام تبدیلی ہے، کہا کہ 2 ماہ 8 دن ہم نے عزاداری کی، سوال یہ ہے کہ خود ہم میں کتنی تبدیلی آئی؟ اور کتنی دوسروں میں تبدیلی لانے کا سبب بنے؟

حوزہ علمیہ غفران مآب کے پرنسپل نے شہید کربلا حضرت حر علیہ السلام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انسان کا دو دن ایک جیسا نہیں ہونا چاہیے، تبدیلی کی سب سے بڑی مثال حضرت حر علیہ السلام ہیں۔ کچھ لمحوں میں فیصلہ کیا اور جنت کو حاصل کر لیا۔

انہوں نے یہ بتاتے ہوئے کہ شہدائے کربلا اور اسیران کربلا کے تذکرے سے انسان میں تبدیلی پیدا ہوتی ہے، کہا کہ مراکش کے عالم و محقق جناب ادریس حسینی جو پہلے شیعہ نہیں تھے، لیکن جب انہوں نے امام حسین علیہ السلام کی تاریخ پڑھی تو شیعہ ہو گئے اور کتاب لکھی "لقد شیعنی الحسین ‌علیه‌السّلام۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امام حسین علیہ السلام لوگوں میں تبدیلی لاتے ہیں، کہا کہ معروف عالم و محقق شیخ محمد سلیم جب شیعہ ہوئے تو انہوں نے اپنے شیعہ ہونے کی یہ وجہ بتائی کہ مجھے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے خطبوں نے شیعہ کر دیا کہ ایک ستم دیدہ خاتون کیسے اہل کوفہ کو للکار کر خطاب کر رہی تھیں۔ اسی خطبہ نے مجھے بدل دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha