جمعرات 9 اکتوبر 2025 - 18:21
قلبِ انسانیت غزہ کے شہید بچوں کے غم میں دھڑک رہا ہے، ہمیں نعرے نہیں عمل کی ضرورت ہے: حجت الاسلام ایمانی پور

حوزہ/ سربراہ سازمان فرهنگ و ارتباطات اسلامی حجت الاسلام محمد مهدی ایمانی پور نے عالمی یوم اطفال کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف دنیا بچوں کی مسکراہٹ اور خوشیوں کا جشن منا رہی ہے، دوسری طرف غزہ کے بچے بم دھماکوں، بھوک اور تباہی کے سائے میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ سازمان فرهنگ و ارتباطات اسلامی حجت الاسلام والمسلمین محمد مہدی ایمانی پور نے عالمی یوم اطفال کے موقع پر فلسطین کے شہید بچوں کی یاد میں جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ آج جب دنیا بھر میں اقوام و حکومتیں اس دن خوشیاں منا رہی ہیں، دنیا بھر کے حریت پسندوں کے دل غزہ کے ہزاروں معصوم شہید بچوں کے غم میں دھڑک رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن جو بچوں کی مسکراہٹ، امید اور زندگی کی علامت ہونا چاہیے تھا، آج غزہ میں بمباری، یتیم بچوں کے گریہ اور ماؤں کے نالوں سے گونج رہا ہے۔ غزہ کے وہ معصوم بچے جو ماں کی گود میں خواب دیکھنے کے حق دار تھے، کئی مہینوں سے ملبے، دھوئیں اور بھکمری میں زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

ایمانی پور نے کہا کہ یہ نسل کشی صرف غزہ کے بچوں کے قتل کی داستان نہیں بلکہ انسانی ضمیر کے امتحان کا لمحہ ہے۔ عالمی برادری کی خاموشی اور بے عملی، جدید تمدن کے ماتھے پر ایک بدنما داغ ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کونسل اور یونیسف سمیت تمام بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ظاہری غیر جانب داری کو ترک کرتے ہوئے عملی اقدامات کریں تاکہ غزہ کے معصوم بچوں کے قتلِ عام کو روکا جا سکے۔

ایمانی پور نے زور دیا کہ اگر عالمی برادری واقعی بچوں کے حقوق کی حمایت کا دعویٰ کرتی ہے تو فلسطینی بچوں کی بجی حمایت کرے۔ انہوں نے دنیا بھر کے حریت پسندوں اور خودمختار حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ جشن منانے کے بجائے مظلوم بچوں کی صدائے احتجاج بنیں، کیونکہ بیدار ضمیر کی یہی سب سے بڑی علامت ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ عالمی یوم اطفال اس وقت بامعنی ہوگا جب دنیا کا کوئی بھی بچہ حقِ زندگی، امن اور سلامتی سے محروم نہ ہو۔ ہمیں آج کے دن صرف نعرے نہیں بلکہ عمل کے ذریعے غزہ کے بچوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ "تم اکیلے نہیں ہو، انسانیت کا ضمیر ابھی زندہ ہے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha