پیر 24 نومبر 2025 - 11:45
امریکہ نے حزب اللہ کے کمانڈر کے قتل کی منظوری دی: الجزیرہ

حوزہ/ الجزیرہ نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز امریکہ کے کھلے اشاروں پر بیروت میں حزب اللہ کے ایک سینئر کمانڈر کو شہید کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق؛ اسرائیل کی جانب سے بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ پر کئے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے ممتاز عسکری کمانڈر ہیثم علی الطبطبائی کی شہادت کے بعد یہ سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ تل ابیب اور واشنگٹن کے درمیان اس کارروائی سے قبل کس نوعیت کا ہم آہنگی اور رابطہ تھا۔ اس واقعے کے بعد لبنان کے خلاف ایک نئے محاذ کے کھلنے کے خدشات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

الجزیرہ کے فلسطین میں بیورو چیف ولید العمری نے کہا کہ دستیاب اطلاعات سے واضح ہوتا ہے کہ اسرائیل کو لبنان میں اپنی کارروائیوں میں شدت لانے کے لیے امریکہ کی مکمل اور واضح پشت پناہی حاصل ہے، جبکہ اس کے بدلے غزہ میں تناؤ کم کرنے کی امریکی خواہش بھی سامنے آئی ہے۔

ان کے مطابق، اسرائیلی سکیورٹی ادارے اس بات کا اندازہ نہیں لگا رہے کہ حزب اللہ اس حملے کے جواب میں کوئی بڑی یا بنیادی کارروائی کرے گی۔

حملے کے بعد ایک لبنانی سکیورٹی ذریعے نے الجزیرہ کو بتایا کہ حزب اللہ کے عسکری کمانڈر ہیثم الطبطبائی اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اس حملے میں ۵ افراد شہید اور ۲۸ زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے الطبطبائی—جنہیں سید ابوعلی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے—کو حزب اللہ کے چیف آف اسٹاف کے قائم مقام اور تنظیم کی دوسرے نمبر شخصیت قرار دیا۔

بعد ازاں حزب اللہ نے باضابطہ بیان میں تصدیق کی:

"عظیم مجاہد کمانڈر ہیثم الطبطبائی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں جنوبی ضاحیہ میں شہادت کے مقام پر فائز ہوئے۔"

اس حملے کے فوراً بعد، امریکہ نے ایک مرتبہ پھر اسرائیلی حملے کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی۔ ایک امریکی اہلکار نے الجزیرہ کو بتایا کہ حزب اللہ کی دوبارہ مضبوط تعمیر نو نے اسرائیل کو حالیہ ہفتوں میں لبنان میں حملے بڑھانے پر مجبور کیا ہے۔

امریکی اہلکار کے مطابق حزب اللہ کی عسکری صلاحیتیں کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہیں، جس نے اسرائیل کو ممکنہ جنگ بندی سے متعلق شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha