بدھ 10 دسمبر 2025 - 11:47
اسوہ کالج اسلام آباد میں آیت الله شیخ محسن نجفی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس؛ مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین

حوزہ /مُحسنِ ملّت، مفسّرِ قرآن، آیت اللّٰه الشیخ محسن علی نجفی رحمۃ الله علیہ کی دوسری برسی کی مناسبت سے گزشتہ روز اسوہ کالج اسلام آباد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں مرحوم و مغفور کی علمی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مُحسنِ ملّت، مفسّرِ قرآن، آیت اللّٰه الشیخ محسن علی نجفی رحمۃ الله علیہ کی دوسری برسی کی مناسبت سے اسوہ کالج اسلام آباد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں مرحوم و مغفور کی علمی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں اسوہ کالج کے پرنسپل سمیت تمام طلاب اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض مزمل حسین عابد نے انجام دئیے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا؛ بعد ازاں، طالب علم نے سید الشہداء علیہ السّلام کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ شعبۂ انگریزی کے استاد پروفیسر حسن حامد نقوی صاحب نے شعری انداز میں محسن ملت رضوان اللہ تعالٰی علیہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پروگرام کے دوران محسن ملت رضوان اللہ تعالٰی علیہ کی زندگی پر ایک مختصر اور جامع ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔ مفسر قرآن آیت الله شیخ محسن علی نجفی رضوان اللہ تعالٰی علیہ کے شاگرد، شعبۂ انگریزی سے وابستہ ڈاکٹر محسن رضا ہاشمی نے شیخ صاحب کے تعلیمی ویژن اور طلاب کی ذمہ داریوں کے حوالے سے مختصر گفتگو کی۔

آخر میں کالج کے پرنسپل جناب بریگیڈیئر غلام علی صاحب نے عصری تعلیم میں بالعموم اور اسوہ کالج اسلام آباد کے حوالے بالخصوص محسن ملت رضوان اللہ تعالٰی علیہ کی خدمات کو بہترین الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے محسن ملت کی زندگی کے بعض نجی پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔ تقریب کا اختتام شعبۂ اسلامیات سے وابستہ جناب شبیر حسین رجائی صاحب نے دعائیہ کلمات اور فاتحہ خوانی کے ساتھ کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha