جمعرات 12 فروری 2026 - 10:35
جامعہ مدرسین کا 22 بہمن کی ریلی میں عوام کی تاریخی شرکت پر خراجِ تحسین

حوزہ/ جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم نے 22 بہمن کی تاریخی ریلی میں ملت ایران کی حماسی اور دشمن شکن شرکت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے اسلامی نظام کی حمایت میں اپنا کردار بہترین انداز میں ادا کیا، اب ذمہ داران اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے معاشی اور معیشتی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور دوگنا کوشش کریں تاکہ دشمن کو کسی قسم کے سوء استفادہ کا موقع نہ مل سکے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ 22 بہمن کو اس سال بھی ملت ایران نے اپنی قوت و عزت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ وہ اسلامی انقلاب کے اصولوں اور اقدار پر ثابت قدم ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ عوام نے شعوری اور ذمہ دارانہ انداز میں میدان میں آ کر دشمنوں کو مایوس کر دیا۔

پیغام میں ملت ایران کے ایمان، وحدت اور بیداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 22 بہمن کی ریلی میں ان کی سرفراز اور دشمن شکن موجودگی کو بانی انقلاب اسلامی امام خمینیؒ اور انقلاب کے شہداء سے تجدید عہد قرار دیا گیا ہے۔ جامعہ مدرسین نے اسے لطف و رحمتِ الٰہی کی علامت قرار دیتے ہوئے تمام لوگوں کا مخلصانہ اور دلی شکریہ ادا کیا۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ ملت نے اسلامی نظام کی حمایت میں اپنا کردار بہترین طریقے سے نبھایا ہے، لہٰذا اب حکام اور ذمہ داران پر لازم ہے کہ وہ عوامی مشکلات، خصوصاً معاشی اور روزمرہ زندگی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ جامعہ مدرسین نے زور دیا کہ معاشی مسائل کا بروقت حل دشمن کی سازشوں اور پروپیگنڈے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پیغام کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ایران ایمان، وحدت اور عوامی مجاہدہ کے سائے میں، رہبر معظم انقلاب آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای (مدظلہ العالی) کی دانا قیادت کے تحت اپنے درخشاں مستقبل کی جانب گامزن رہے گا اور جدید اسلامی ثقافت کے قیام اور حضرت امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کی آمادگی کی راہ پر پیش قدمی جاری رکھے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha