پیر 9 فروری 2026 - 16:03
22 بہمن کو اپنے عزم اور استقامت کا مظاہرہ کرکے دشمن کو مایوس کریں

حوزہ/ رہبرِ معظمِ انقلابِ اسلامی نے آج صبح ٹیلی ویژن کے ذریعے ایک پیغام میں 22 بہمن کو ملتِ ایران کی طاقت اور عزت کے اظہار کا دن قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ عوام کی ریلی میں شرکت اور اسلامی جمہوریہ سے وفاداری کا اظہار دشمن کو ایران اور قومی مفادات کے خلاف لالچ سے باز رکھنے کا سبب بنے گا، لہذا 22 بہمن کو اپنے عزم اور استقامت کا مظاہرہ کرکے دشمن کو مایوس کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ معظمِ انقلابِ اسلامی نے آج صبح ٹیلی ویژن کے ذریعے ایک پیغام میں 22 بہمن کو ملتِ ایران کی طاقت اور عزت کے اظہار کا دن قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ عوام کی ریلی میں شرکت اور اسلامی جمہوریہ سے وفاداری کا اظہار دشمن کو ایران اور قومی مفادات کے خلاف لالچ سے باز رکھنے کا سبب بنے گا، لہذا 22 بہمن کو اپنے عزم اور استقامت کا مظاہرہ کرکے دشمن کو مایوس کریں۔

رہبرِ انقلاب کے پیغام کا متن حسبِ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

ہر سال 22 بہمن ملتِ ایران کی طاقت اور عزت کے اظہار کا دن ہوتا ہے۔ ایک ایسی قوم جو الحمدللہ صاحبِ حوصلہ، باارادہ، ثابت قدم، قدردان اور اپنے مفادات و نقصانات سے آگاہ ہے۔ جس دن پہلا 22 بہمن وقوع پذیر ہوا، اس دن ملتِ ایران نے ایک عظیم فتح حاصل کی۔ اس نے خود کو اور اپنے ملک کو غیر ملکی مداخلت سے نجات دلائی۔ وہ غیر ملکی طاقتیں ان تمام برسوں میں ہمیشہ یہ چاہتی رہی ہیں کہ دوبارہ سابقہ صورتِ حال کو بحال کریں۔

ملتِ ایران ڈٹی ہوئی ہے۔ اس استقامت کی سب سے بڑی علامت 22 بہمن کا دن ہے۔ یہ ریلی دنیا میں بے مثال ہے۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں ہمیں ایسی مثال نہیں ملتی کہ کئی برس گزرنے کے بعد بھی ہر سال یومِ آزادی اور قومی دن کے موقع پر پورے ملک میں اس قدر عظیم عوامی اجتماع منعقد ہو اور لوگ اس طرح اپنی موجودگی کا اظہار کریں۔ آج ملتِ ایران سڑکوں پر نکل کر اپنی طاقت دکھاتی ہے اور ان لوگوں کو، جو ایرانِ اسلامی، جمہوریۂ اسلامی اور اس ملت کے مفادات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پسپائی پر مجبور کرتی ہے۔

قومی طاقت کا تعلق میزائلوں اور ہوائی جہازوں سے زیادہ اقوام کے عزم و ارادے اور ان کی استقامت سے ہوتا ہے۔ آپ نے الحمدللہ اپنی استقامت اور اپنے عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ مختلف مواقع پر آئندہ بھی یہی ثابت کریں۔ دشمن کو مایوس کریں، کیونکہ جب تک دشمن مایوس نہ ہو قوم اس کی اذیت و آزار کا نشانہ بنی رہتی ہے۔ دشمن کو مایوس کرنا ضروری ہے۔

دشمن کی مایوسی آپ کے اتحاد، آپ کی فکری طاقت اور عزم، آپ کے جذبے اور دشمن کی وسوسہ انگیزی کے مقابلے میں ثابت قدمی سے حاصل ہوتی ہے۔ یہی چیزیں قومی طاقت کی بنیاد بنتی ہیں۔ ان شاء اللہ ہمارے نوجوان مختلف میدانوں میں، علم کے میدان میں، عمل کے میدان میں، تقویٰ اور اخلاق کے میدان میں، مادی اور معنوی ترقی کے میدان میں مزید آگے بڑھیں گے، عملی اقدامات کریں گے اور ملک کے لیے باعثِ فخر بنیں گے۔ 22 بہمن ان تمام چیزوں کی علامت ہے۔ اس دن سب لوگ سڑکوں پر آتے ہیں، نعرے لگاتے ہیں، حقائق بیان کرتے ہیں، اپنی یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں اور جمہوریۂ اسلامی ایران کے ساتھ اپنی وفاداری کا اظہار کرتے ہیں۔

ہم امید کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ یہ 22 بہمن بھی گزشتہ برسوں کے تمام 22 بہمن کی طرح ملتِ ایران کی عظمت کو دوچند کرے گا، اس میں اضافہ کرے گا اور دوسری قوموں، حکومتوں اور طاقتوں کو ملتِ ایران کے سامنے جھکنے اور عاجزی اختیار کرنے پر مجبور کرے گا، اور ان شاء اللہ ایسا ہی ہوگا۔

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

20 بہمن 1404ھ ش

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha