حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسۂ علمیۂ تخصصی مجتہدہ امین اصفہان میں مدیر حوزۂ علمیہ خواہران صوبہ اصفہان حجت الاسلام والمسلمین عبداللہی نژاد کی موجودگی میں «طالب علمی اور سماجی ذمہ داری» کے عنوان سے درسِ اخلاق کا انعقاد کیا گیا۔
انہوں نے طالب علمی کے رسالت محور مقام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: طالب علمی محض ایک تعلیمی راستہ نہیں بلکہ ایک ایساباغ ہے جس کے پھل معاشرے میں چنے جانے چاہئیں؛ وہ طالب علم جو برسوں کی تعلیم کے بعد اپنے تبلیغی اور تربیتی کردار سے غافل ہو جائے اپنی ساری عمر کی جمع پونجی اور حوزہ کے وسائل کو ضائع کر دیتا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین عبداللہی نژاد نے مزید کہا: حوزہ کا اصل ثمر وہ طلبہ ہیں جو لوگوں کی ہدایت کے راستے پر قدم رکھتے ہیں؛ اگر کوئی طالب علم اس فریضے سے غفلت برتے تو گویا وہ ایسا مالی ہے جو اپنے پک چکے پھلوں کو ایسے ہی چھوڑ دے۔
مدیر حوزۂ علمیہ خواہران نے تبلیغ اور معاشرے کی رہنمائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: طالب علم کی سب سے اہم سماجی ذمہ داری اہل بیت علیہم السلام کے معارف کی منتقلی اور ہر میدان میں دینِ خدا کا دفاع ہے؛ تبلیغ صرف منبر اور تقریر کا نام نہیں بلکہ طالب علم کا کردار اور طرزِ عمل بھی خود ایک زندہ تبلیغ ہے۔
انہوں نے کہا: دینی طالبات کے پاس مؤمن نسل کی تربیت کی بے مثال صلاحیت موجود ہے اور صالح انسانوں کی پرورش میں ماں کا کردار ناقابلِ بدل ہے۔ تاریخ میں ہمیں یہ کہیں نظر نہیں آتا کہ کسی نیک سیرت ماں نے بدتربیت فرزند معاشرے کو دیا ہو۔
حجت الاسلام عبداللہی نژاد نے طلبہ کی سماجی و معاشرتی موجودگی کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: طالب علم کو سماجی میدانوں میں حتیٰ کہ سخت اور پُرخطر حالات میں بھی حاضر رہنا چاہیے اور دینی اقدار کے دفاع میں اپنی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔









آپ کا تبصرہ