بدھ 3 جون 2026 - 13:19
بین الاقوامی طلبہ اور علماء مکتبِ اہل بیت (ع) کے فکری و اعتقادی محافظ ہیں

حوزہ / شہید امام خامنہ ای کے بنگالی زبان میں ترجمہ شدہ مجموعہ آثار کی تقریب رونمائی بنگلہ دیشی طلباء، فضلاء اور علمی و ثقافتی شخصیات کی موجودگی میں قم المقدسہ میں مقام معظم رہبری کے بنگلہ دیش کے نمائندہ دفتر میں منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر مقام معظم رہبری میں بین الاقوامی امور کے سرپرست حجت الاسلام و المسلمین قمی نے اپنی گفتگو کے دوران کہا: بین الاقوامی طلبہ اور علماء مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کے فکری، اعتقادی اور ثقافتی محافظ ہیں۔ آج کے دور میں جہاں فکری اور اعتقادی چیلنجز نے نئی صورتیں اختیار کر لی ہیں وہاں دینی علوم سے آراستہ طلاب کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا: حوزاتِ علمیہ کی شناخت صرف مقامی یا قومی حدود تک محدود نہیں بلکہ ان کی اصل پہچان عالمی رسالت اور بین الاقوامی تبلیغ ہے۔ اسلام ایک آفاقی دین ہے، اس لیے اس کے پیغام کو دنیا کے مختلف خطوں تک پہنچانا حوزاتِ علمیہ اور ان سے وابستہ علماء و فضلا کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

حجت الاسلام و المسلمین قمی نے کہا: آج ہزاروں فارغ التحصیل علما اور مبلغین دنیا کے مختلف ممالک میں دینِ اسلام، معارفِ اہل بیت علیہم السلام اور اسلامی اقدار کی ترویج میں مصروف ہیں۔ یہ افراد نہ صرف دینی تعلیمات پہنچا رہے ہیں بلکہ مختلف معاشروں میں اسلام کے حقیقی اور معتدل چہرے کو بھی متعارف کرا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: بین الاقوامی طلاب کو صرف علمی صلاحیتوں پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے بلکہ انہیں مختلف زبانوں، ثقافتوں اور جدید عالمی مسائل سے بھی آگاہ ہونا چاہیے تاکہ وہ مؤثر انداز میں اسلامی تعلیمات پیش کر سکیں۔ ان کے بقول، موجودہ دور فکری مقابلے اور نظریاتی کشمکش کا دور ہے اور ایسے حالات میں طلابِ علوم دینیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ منطقی، علمی اور اخلاقی انداز میں اسلام اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کا دفاع کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha