جمعرات 19 فروری 2026 - 18:40
ماہِ رمضان روحانی و اخلاقی انقلاب کا سنہری موقع ہے، حجت‌الاسلام سید لیاقت حسین موسوی

حوزہ/ حجت‌الاسلام سید لیاقت حسین موسوی، مدیر حوزہ علمیہ امام رضا(ع) کشمیر نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان عبادت کے ساتھ ساتھ انسان کی فکری، اخلاقی اور روحانی تبدیلی کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ انسان کو خود احتسابی، اپنی کمزوریوں کی پہچان اور زندگی کو درست سمت دینے کی دعوت دیتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت‌الاسلام سید لیاقت حسین موسوی، مدیر حوزہ علمیہ امام رضا(ع) کشمیر نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان عبادت کے ساتھ ساتھ انسان کی فکری، اخلاقی اور روحانی تبدیلی کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ انسان کو خود احتسابی، اپنی کمزوریوں کی پہچان اور زندگی کو درست سمت دینے کی دعوت دیتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ روزہ محض بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ نفس کی تربیت، خواہشات پر قابو پانے اور تقویٰ حاصل کرنے کی عملی مشق ہے۔ جب ایک روزہ دار دن بھر جائز چیزوں سے بھی پرہیز کرتا ہے تو وہ دراصل ضبطِ نفس، نظم و ضبط اور خود کنٹرول کی صلاحیت پیدا کرتا ہے، جو معاشرے میں امن، برداشت اور عدل کے قیام میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

حجت‌الاسلام موسوی نے مزید کہا کہ ماہِ رمضان میں قرآنِ کریم کی تلاوت، صدقہ و خیرات، صلہ رحمی اور مستحقین کی مدد کی خصوصی تاکید کی گئی ہے، کیونکہ یہ اعمال انسان کے دل کو نرم کرتے ہیں اور اسے دوسروں کے درد کا احساس دلاتے ہیں۔ اگر یہ روحانی کیفیت رمضان کے بعد بھی برقرار رہے تو یہی مہینہ انسان کی زندگی میں حقیقی انقلاب کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ رمضان کو صرف رسم و رواج، کھانوں اور راتوں کی مصروفیات تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ اسے اخلاق، معاملات اور معاشرتی رویّوں کی اصلاح کا ذریعہ بنانا چاہیے۔ اگر یہ مہینہ شعور اور اخلاص کے ساتھ گزارا جائے تو رمضان وقتی عبادت نہیں بلکہ دائمی تبدیلی کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مبارک مہینے میں دنیا کے مظلوموں کو یاد کرنا اور بے گناہ اسیروں کی رہائی کے لیے دعا کرنا بھی ضروری ہے، جیسا کہ ہر نماز کے بعد دعا کی تاکید کی گئی ہے: "اللهم فك كل أسير"۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ خداوندِ عالم ہمیں ماہِ رمضان سے بھرپور استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha