ہفتہ 21 فروری 2026 - 21:09
سینتالیس سال سے ایران مسلسل صفحۂ عالم پر اپنی نئی نئی فتح و کامرانی کی سنہری تاریخ رقم کررہا ہے: مولانا ابن حسن املوی

حوزہ/ اسلامی جمہوریہ ایران پوری دنیا کی تمام عوام اور حکومتوں کے لئے لاجواب طریقۂ حکمرانی ہے بالخصوص مسلم دنیا کے لئے قابل تقلید ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، املو،مبارکپور (اعظم گڑھ)/ مولانا ابن حسن املوی، سربراہ مجمع علماءوواعظین پوروانچل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب خودایک ایسی خدائی نعمت ہے جو وہم و گمان سے بالا ہے۔ ایران کا اسلامی انقلاب 1979 میں رونما ہونے والا ایک اہم تاریخی واقعہ ہے جس کے نتیجے میں شاہ محمد رضا پہلوی کی مغربی حمایت یافتہ بادشاہت کا خاتمہ ہوا اور آیت اللہ روح اللہ خمینی کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ ایران قائم ہوئی۔ یہ انقلاب وسیع تر عوامی احتجاج، سماجی ناانصافی، مغربی اثرات اور شاہ کی آمرانہ پالیسیوں کے ردعمل میں آیا، جس نے ایران کی سیاسی، سماجی اور ثقافتی سمت کو مکمل طور پر بدل دیا۔

1979 سے آج 2026 تک سینتالیس سال سے ایران ہر سال مسلسل دور جدید میں صفحۂ عالم پر اپنی نئی نئی فتح و کامرانی کی سنہری تاریخ رقم کرتا جا رہا ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران پوری دنیا کی تمام عوام اور حکومتوں کے لئے لاجواب طریقۂ حکمرانی ہے بالخصوص مسلم دنیا کے لئے قابل تقلید ہے۔یہ لطف خداوندی نہیں تو اور کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ کے قیام سے اب تک مسلسل نئی نئی پابندیوں،دھمکیوں،جنگوں وغیرہ کے باوجود ایران ترقی کی ان بلندیوں پر گامزن ہے جنھیں دیکھ کر ہر دوست و دشمن،ہر ملک و قوم،ہر مذہب و ملت کے افراد ششدر و انگشت بدنداں ہیں۔

حیرت اس بات پر ہے کہ لگ بھگ پوری دنیا کے ممالک امریکہ واسرائیل سے اتنا ڈرتے ہیں کہ اس کی غلامی میں ہی اپنی بھلائی اور بقا ء سمجھتے ہیں اور امریکہ کو سپرپاور مانتے ہیں اسی سپر پاور سے ایران مسلسل نبرد آزما ہے۔اور عرب منافق حکمرانوں کے چہروں پر پڑی ہوئی منافقت کی دبیز نقاب بھی نوچ رہا ہے۔

مزید حیرت کی بات تو یہ ہے کہ سعودی عرب جو مسلم ممالک کا اپنے آپ کو چودھری کہلا تا ہے اس کے بارے میں امریکہ کےخبیث ترین اور ظالم ترین صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے:ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے صدارتی دور (2017-2021) کے دوران مختلف مواقع پر سعودی عرب کی سیکیورٹی اور فوجی امداد کے تناظر میں سخت بیانات دیے تھے، جس میں انہوں نے یہ تاثر دیا کہ امریکی تحفظ کے بغیر سعودی عرب کی بقا مشکل ہے‘‘ایسے ممالک موجود ہیں جو ہمارے تحفظ کے بغیر ایک ہفتہ بھی نہیں چل سکتے‘‘۔وہی ٹرمپ اور وہی امریکہ و اسرائیل سینتالیس سال سے ایران کو دبانے،جھکانے اور مٹانے کی ہر ممکن کوشش کررہےہیں مگر ایران نہ صرف اپنی جگہ قائم ہے بلکہ بار بار امریکہ و اسرائیل کو ذلت اآمیز شکست سے دوچار کر رہا ہے۔ہر شعبہ میں امریکہ و اسرائیل کو زوروں سے پچھاڑ رہا ہے۔

ایسا خوفناک منظر بھی دنیا نے کبھی نہیں دیکھا ہو گا کہ سال 2026 کے آغاز سے اب تک قریب دو مہینے ہورہے ہیں امریکہ و اسرائیل مل کر ایران کے خلاف ہر ممکن خطرناک ترین جنگی اسلحے ایران کے ارد گرد جمع کر کے حملوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ایران بھی بے خوف و خطر’’ جیسے کو تیسا ‘‘والا جواب دینے میں ذرا بھی دیر نہیں لگا رہا ہے۔ اب ایسے میں اگر خدا نخواستہ جنگ چھڑ گئی تو ایران نے کہا ہے کہ یہ اسرائیل کے ساتھ آخری جنگ ہوگی۔بارہ روزہ اسرائیل کے ساتھ ایران کی شاندار اور کامیاب جنگ نے ثابت کردکھایا کہ امریکہ صرف ایک جھوٹا پروپیگنڈہ ہے۔مختصر یہ کہ جنگ ہو یا نہ ہو ایران کی فتح کا فیصلہ ماضی کی طرح حال میں بھی دنیا پر مثل روز روشن آشکار ہوچکا ہے۔

ا’دھر امریکی وزیر خارجہ روبیو نےاعتراف کیا ہےکہ :ہم بنیاد پرست شیعہ علماء کے ساتھ معاملات طے کر رہے ہیں۔ ہم ان لوگوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں جو اپنے جغرافیائی سیاسی فیصلوں کی بنیاد مکمل طور پر دین پر رکھتے ہیں‘‘۔یعنی امریکہ ایسا دشمن بھی ایران کی دیندار ی کا اعتراف کرتا ہے اورایرانی اسلامی نظام حکومت کی گواہی دیتا ہے۔

اِدھر اسلامی جمہوری ایران کا کہنا ہے کہ ہم حسینی ہیں اور کربلا کے شہیدوں کو اپنے لئےآئیڈیل مانتے ہیں۔ہم باطل کے آگے سرکٹا سکتے ہیں مگر سر جحکا نہیں سکتے۔ذلت کی زندگی سے عزت کی موت کو بہتر سمجھتے ہیں۔ شہادت ہماری مذہبی میراث ہے۔یہی وہ جذبے ہیں جو اہل حق کی کامیابی کے راز ہیں۔رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اور دیگر ایرانی اعلیٰ حکام کا بھی یہی عقیدہ ہے کہ شہادت ہی حیات مستعار کو حیات ابدی میں تبدیل کر دیتی ہے۔ ہمکو سمجھنا چاہو تو کتاب کربلا کا مطالعہ کرو۔قرآن مجید میں ارشاد الٰہی ہے ’’اور جو خدا کی راہ میں مارے جائیں انہیں مردہ نہ کہوبلکہ وہ زندہ ہیں ہاں تمہیں خبرنہیں‘‘(سورہ بقرہ)۔

سچ کہا ہے علامہ اقبال نے :

شہادت ہے مطلوب و مقصود مومن

نہ مال ِ غنیمت نہ کشور کشائی

ماہ مبارک رمضان میں جملہ مومنین سے خصوصی دعاء کی گزارش ہے کہ رہبر معظم آیۃ اللہ خامنہ ای حفظہ اللہ اور تمام ایرانی عوام و حکام کی خداوند عالم بطفیل امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف حفاظت فرمائے اور تمام دشمنوں اور منافقوں اور ظالموں کو ذلیل و رسوا کرے آمین۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha