حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ خطبائے خراسان رضوی کے رکن حجت الاسلام علی غفوری منش نے حرمِ مطہر رضوی (ع) میں قائدِ امت کی یاد میں منعقدہ خصوصی مجلسِ سوگواری سے خطاب کیا۔ حرمِ امام رضا (ع) کے رواق امام خمینیؒ میں منعقدہ اس پروگرام میں افغانستان سے آئے ہوئے مہاجرین زائرین نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے اسلامی ثقافت میں شہداء کے بلند مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امتِ اسلامی کیلئے عزت، استقلال اور سربلندی کا راستہ ہموار کیا ہے اور ایمان، اخلاص اور فداکاری کے ساتھ راہِ خدا میں بلند مرتبۂ شہادت پر فائز ہوئے۔
حجت الاسلام علی غفوری منش نے قرآنِ کریم کی ایک آیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اسلامی تعلیمات میں واضح کیا گیا ہے کہ جو لوگ راہِ خدا میں شہید ہوتے ہیں وہ مردہ نہیں بلکہ اپنے پروردگار کے ہاں زندہ ہوتے ہیں اور رزقِ الٰہی سے بہرہ مند ہوتے ہیں۔ یہ حقیقت شہداء کے عظیم مقام اور حق کے راستے میں ایثار کی بے مثال قدر و قیمت کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: شہداء نے اپنی قربانیوں کے ذریعہ حق اور عدالت کے راستے کو زندہ رکھا اور اسلامی معاشرے کو امن اور عزت عطا کی۔ آج امتِ اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے راستے کو جاری رکھے اور معاشرے میں ایثار و شہادت کی ثقافت کو زندہ رکھے۔
جامعہ خطبائے خراسان رضوی کے رکن نے آخر میں کہا: رہبر شہید امام خامنہ ای کا راستہ تعہد، ایمان اور حق کے راستے میں استقامت کی روشن مثال ہے۔ ظلم اور انحراف کے مقابلے میں شہادت اور مقاومت کا انتخاب معاشرے اور آنے والی نسلوں کیلئے ہمیشہ الہام اور حوصلے کا سبب بنتا ہے۔









آپ کا تبصرہ