جمعہ 11 اپریل 2025 - 18:48
ملت ایران نہ کسی کے آگے جھکے گی، نہ ذلت قبول کرے گی: آیت اللہ اعرافی

حوزہ/ امام جمعہ قم آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اپنے خطبے میں کہا کہ ملت ایران عزت اور کرامت کی راہ پر گامزن ہے اور کسی بھی صورت میں مستکبرین کے آگے سر نہیں جھکائے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ قم آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اپنے خطبے میں کہا کہ ملت ایران عزت اور کرامت کی راہ پر گامزن ہے اور کسی بھی صورت میں مستکبرین کے آگے سر نہیں جھکائے گی۔ انہوں نے تاکید کی کہ ملک کو کسی بھی قیمت پر مذاکرات کے معاملے میں تقسیم نہیں ہونا چاہیے۔

آیت اللہ اعرافی نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ عالمی استکبار ہمیشہ دو ہی راستے تجویز کرتا رہا ہے: یا تو اقوام مغربی تمدن کے تابع ہو کر اپنی خودمختاری کھو دیں یا پھر تباہی و بربادی کے راستے پر ڈال دی جائیں۔ لیکن انقلاب اسلامی نے ان دونوں نظریات کو چیلنج کرتے ہوئے عزت و استقامت کی راہ اختیار کی اور دنیا کو ایک نیا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے شہداء اور امام خمینیؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ تو استکبار کے تابع ہوگی اور نہ ہی اپنی سرزمین اور عزت کا سودا کرے گی۔

آیت اللہ اعرافی نے فوجی اور سائنسی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کو ہر حال میں مضبوط رکھا جائے، کیونکہ غفلت ملت کے وقار کے لیے مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت کو عوامی مسائل، خاص طور پر معیشت اور سائنسی ترقی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن یہ گمان نہ کرے کہ مزاحمتی محاذ کمزور پڑ گیا ہے، بلکہ مؤمنوں کے دلوں میں اس کی آگ آج بھی روشن ہے اور ظلم کے خلاف یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

اپنے خطبہ اول میں انہوں نے عبادت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی معاشرے میں عبادت صرف ایک ذاتی عمل نہیں بلکہ ایک اجتماعی ثقافت کا حصہ ہونی چاہیے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی دینی تربیت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ایک دیندار اور صالح نسل پروان چڑھے۔

امام جمعہ قم نے آخر میں تاکید کی کہ ملت ایران امام خمینیؒ اور شہداء کے راستے پر چلتے ہوئے ترقی اور دینی اقدار کی حفاظت کرے گی اور مظلومین عالم کی حمایت جاری رکھے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha