جمعرات 12 مارچ 2026 - 03:11
پیروان ولایت ٹرسٹیان ادارہ والفجر ایجوکیشنل ایند ولفیئر ٹرسٹ ممبئی: نئی رہبری کے ساتھ انقلاب اسلامی کا سفر جاری ہے

حوزہ/ پیروان ولایت ٹرسٹیان ادارہ والفجر ایجوکیشنل ایند ولفیئر ٹرسٹ، ممبئی نے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی شہادت اور آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے رہبر بننے پر ایک بیان دیا ہے

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پیروان ولایت ٹرسٹیان ادارہ والفجر ایجوکیشنل ایند ولفیئر ٹرسٹ، ممبئی نے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی شہادت اور آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے رہبر بننے پر ایک بیان دیا ہے۔ جس کا مکمل متن اس طرح ہے؛

مِنَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ رِجَالٌ صَدَقُوۡا مَا عَاہَدُوا اللّٰہَ عَلَیۡہِ ۚ فَمِنۡہُمۡ مَّنۡ قَضٰی نَحۡبَہٗ وَ مِنۡہُمۡ مَّنۡ یَّنۡتَظِرُ ۫ۖ وَ مَا بَدَّلُوۡا تَبۡدِیۡلًا

عالمِ اسلام کے عظیم رہنما اور اسلامی انقلاب کے محافظ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای قدس سرہ کی شہادت کی خبر پوری امتِ مسلمہ کے لیے انتہائی رنج و الم کا باعث ہے۔ آپ نے تین دہائیوں سے زیادہ انقلابِ اسلامی کے اصولوں کی حفاظت، ظلم و استکبار کے خلاف استقامت اور مظلوم اقوام عالم کی حمایت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ آپ کی بصیرت، شجاعت اور دینی قیادت نے نہ صرف ایران بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو بیداری اور مقاومت کا پیغام دیا۔ آپ کی شہادت دنیا کے ظالم ترین اور قبیح ترین افراد کے ہاتھوں ہوئی اگرچہ یہ ایک بڑا صدمہ ہے، لیکن شہداء کا راستہ کبھی ختم نہیں ہوتا۔ آپ کی فکر، رہنمائی اور انقلاب اسلامی کے اصول آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گے۔

ولایتِ فقیہ کا نظام ایک ایسا مضبوط نظام ہے جو کسی ایک فرد تک محدود نہیں بلکہ ایک الٰہی و فقہی اصول پر قائم ہے لہذا ان کی شہادت کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے مطابق مجلس خبرگان نے نئے رہبر انقلاب کا انتخاب کرتے ہوئے شہید کے فرزند ’’سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای‘‘ حفظہ اللہ کو امت کی رہبری کے لئے منتخب کیا یہ انتخاب ان استکباری قوتوں کے منہ پر زور دار طماچہ ہے جو سوچتے تھے کہ رہبر کی شہادت کے بعد یہ نظام ختم ہو جائے گا۔اسلامی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب بھی کوئی عظیم رہنما دنیا سے رخصت ہوا تو اس کے بعد بھی اس کے نظریات زندہ رہے۔ اسی طرح رہبرِ معظم کی شہادت کے بعد بھی انقلاب اسلامی کا راستہ جاری رہے گا اور نئی قیادت اسی مشن کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گی۔

رہبر انقلاب کی مظلومانہ شہادت پر امام زمانہؑ کو تسلیت پیش کرتے ہوئے ان کے غمزدہ خاندان اور امت کو بھی تسلیت پیش کرتے ہیں

ہم سب موجودہ رہبر انقلاب’’سید مجتبیٰ خامنہ ای‘‘ کی اطاعت کا اعلان کرتے ہیں اللہ معظم لہ کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے اور ان کا سایہ امت کے سر پر باقی رکھے۔ آمین

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha