جمعرات 12 مارچ 2026 - 12:44
یوم القدس: اسرائیلی مظالم پر عالم اسلام کی خاموشی لمحہ فکریہ، علامہ حسن ظفر نقوی

حوزہ/ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے سپریم لیڈر منتخب ہونے پر آج ایک مرتبہ پھر امریکہ اور اسرائیل پر آسمانی بجلی گری ہے، دنیا بھر میں پھیلے ہوئے خمینی اور خامنہ ای کے انقلابی بیٹے مجلس خبرگان کے فیصلے پر لبیک کہتے ہیں، فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے ، امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے جمعتہ الوادع کو یوم القدس کا نام دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی/ معروف عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی نے یوم القدس کے موقع پر کہا کہ امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے ماہ رمضان کے آخری جمعے کو بین الاقوامی قدس ڈے کا نام دے کر فلسطینی تحریک کو ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا ہے۔ فلسطین، فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک ناجائز صیہونی ریاست ہے ،مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کی دیگر عبادتگاہوں پر حملے اور مسلمانوں کی غیرت ایمانی کے لئے چیلنج ہیں ۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اسرائیلی مظالم اور دہشت گردی پر عالم اسلام کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے فلسطین اور فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے حملوں اور ظلم و تشدد پر خاموش نہیں رہ سکتے ،اقوام عالم جان لیں بیت المقدس ہماری ریڈ لائن ہے ۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے سید مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے سپریم لیڈر منتخب ہونے پر کہا کہ آج ایک مرتبہ پھر امریکہ اور اسرائیل پر آسمانی بجلی گری ہے۔علی کے بعد اس کا بیٹا مجتبیٰ خامنہ ای میدان میں آگیا ہے ۔ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے خمینی اور خامنہ ای کے انقلابی بیٹے مجلس خبرگان کے فیصلے پر لبیک کہتے ہوئے ولی فقیہ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے انتخاب پر سارے عالم اسلام کو آخری فتح کامژدہ سناتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب اسلام اور مسلمانوں کی فتح کا نقارہ ہے ، دنیا بھر کے مظلوموں متحد رہواور امریکہ اور اسرائیل کی نابودی کا نظارہ دیکھنے کے لئے تیار رہو۔انہوں نے یوم القدس کے موقع پر کہا کہ فلسطین کو روئے زمین سے نیست ونابود کیاجارہا ہے۔ہزاروں معصوم بچے،عورتیں ،بوڑھے خاک و خون میں غلطاں کردئیے گئے،ہسپتالوں پر بمباری کر کے وہاں زیرِ علاج مریضوں تک کو لقمہ اجل بنادیاگیامگر انسان دوست مغرب اسرائیل کی ہر طرح کی مدد کے لئے اس کے ساتھ کھڑا ہوگیا۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے مزید کہا کہ آج کل مغربی ممالک میں فلسطین اور فلسطینیوں کے بارے میں اسکولوں کے بچوں پر جو بریفنگ دی جارہی ہے کہ اسرائیل اور اسرائیلیوں نے فلسطینی آوارہ وطنوں پر احسان کیا تھا اور انہیںاپنے ملک میں رہنے کے لئے جگہ دی تھی اور کالونیاں بنا کر دیں مگر انہوں نے یہودیوں پر ظلم و تشدّد شروع کردیا اور دہشت گرد گروہ بنا کر اسرائیل پر قبضہ کی منصوبہ بندی شروع کردی اور اس منصوبہ بندی کے پیچھے سب سے بڑا ہاتھ ”ایران“ کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیاکا فلسطین کے مظلوموں کو تنہا چھوڑ دینا اور اسرائیلی درندوں کے سامنے پھینک دینا ایسا جرم ہے جو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ مسلم ممالک فلسطینیوں کا ساتھ دینے کے بجائے امریکہ اور اسرائیل کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha