منگل 24 مارچ 2026 - 17:57
ہندوستان سے ایران کے لیے محبت و ایثار کی لہر، عوام نے دل کھول کر امداد کا سلسلہ تیز کر دیا

حوزہ/ ایران کے ساتھ یکجہتی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت بھارت بھر میں عوامی سطح پر امداد و حمایت کی ایک مؤثر اور جذباتی لہر دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں ہر طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بڑھ چڑھ کر مالی و مادی تعاون پیش کر رہے ہیں اور مشکل گھڑی میں ایران کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان بھر میں ایران کی حمایت اور امداد کے لیے عوامی سطح پر غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں مرد و خواتین، نوجوان و بزرگ، حتیٰ کہ بچے بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت ایران کی مدد کے لیے مالی و مادی تعاون فراہم کر رہی ہے۔

ہندوستان سے ایران کے لیے محبت و ایثار کی لہر، عوام نے دل کھول کر امداد کا سلسلہ تیز کر دیا

ذرائع کے مطابق، جن افراد کے پاس زیورات موجود ہیں وہ انہیں عطیہ کر رہے ہیں، جبکہ دیگر لوگ اپنے قیمتی سامان حتیٰ کہ گھریلو برتن تک امداد کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر نقد رقوم بھی جمع کی جا رہی ہیں۔ بچوں نے بھی اس کارِ خیر میں نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے اپنے جیب خرچ اور گلکوں میں جمع رقم عطیہ کی ہے، جو ان کے خلوص اور جذبۂ ہمدردی کی عکاسی کرتا ہے۔

ہندوستان سے ایران کے لیے محبت و ایثار کی لہر، عوام نے دل کھول کر امداد کا سلسلہ تیز کر دیا

ملک ہندوستان میں ایرانی سفارت خانے کی جانب سے عوامی امداد کے لیے ایک کیو آر کوڈ بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے ذریعے لوگ براہِ راست مالی تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ اس مہم میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے حصہ لیا ہے، اور کئی غیر مسلم شہریوں نے بھی ایران کے حق میں یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ہندوستان سے ایران کے لیے محبت و ایثار کی لہر، عوام نے دل کھول کر امداد کا سلسلہ تیز کر دیا

کشمیر میں نمایاں عوامی ردعمل

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے مختلف اضلاع، خصوصاً بارہمولہ اور بڈگام میں ایران کی حمایت میں عوامی سرگرمیاں قابلِ ذکر ہیں۔ یہاں خواتین کی جانب سے زیورات عطیہ کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جبکہ بعض افراد نے اپنی ذاتی گاڑیاں تک ایران کی مدد کے لیے وقف کر دی ہیں۔

دیہی علاقوں میں عوام نے اپنے مال مویشی پیش کرکے بھی غیر معمولی ایثار کا مظاہرہ کیا ہے، جو ان کی معیشت کا اہم حصہ ہوتے ہیں۔ نوجوان طبقہ بھی پیچھے نہیں رہا اور متعدد نوجوانوں نے اپنی موٹر سائیکلیں اور دیگر قیمتی اشیاء عطیہ کی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق، کشمیر میں اب تک ایران کی مدد کے لیے تقریباً چھ کروڑ روپے جمع کیے جا چکے ہیں، جو عوامی سطح پر پائی جانے والی ہمدردی اور یکجہتی کا واضح ثبوت ہے۔

دیگر علاقوں میں بھی امدادی سرگرمیاں

ہندوستان کے دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں، جہاں عوام مختلف ذرائع سے امداد فراہم کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ مذہبی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایران کی مدد کر رہے ہیں، کیونکہ ایران اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔

مبصرین کے مطابق یہ عوامی ردعمل نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تاریخی و ثقافتی روابط کی عکاسی کرتا ہے بلکہ مشکل حالات میں انسان دوستی، ایثار اور باہمی تعاون کی ایک روشن مثال بھی پیش کرتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha