بدھ 8 اپریل 2026 - 13:58
شہداء کا خون نئی انقلابی بیداری کا سرچشمہ بنا: آیت اللہ شب زندہ دار

حوزہ/ حوزہ علمیہ ایران کی سپریم کونسل کے سربراہ آیت اللہ مہدی شب زندہ دار نے عوامی اجتماعات میں مسلسل شرکت اور یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے باشعور عوام نے میدان، سڑکوں اور قومی فضا کو زندہ رکھا ہوا ہے، اور یہی جذبہ ملک کی طاقت و استقامت کی علامت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں اسلامی انقلاب، نظامِ اسلامی، مسلح افواج اور وطن کی حمایت میں منعقدہ ہر شب منعقد ہونے والے اجتماع کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ شب زندہ دار نے کہا کہ عوام کے اندر پائی جانے والی وحدت، اخلاص اور استقامت محض ایک سیاسی ردِعمل نہیں بلکہ یہ الٰہی نصرت کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف طبقات، افکار اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ایک صف میں کھڑے ہو کر قومی اتحاد کا عملی ثبوت دے رہے ہیں۔

انہوں نے شہداء کے خون کو بابرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں نے ملک میں ایک نئی انقلابی روح پیدا کی ہے، جو قوم کو استقامت اور کامیابی کی سمت لے جا رہی ہے۔ ان کے بقول، اگر عوام اسی طرح مسلح افواج اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے رہے تو حتمی کامیابی یقینی ہوگی۔

آیت اللہ شب زندہ دار نے علما، طلاب اور فضلا کو خصوصی طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انقلابِ اسلامی کی بنیاد حوزہ علمیہ سے اٹھی تھی، اسی طرح آج بھی حوزوی طبقے کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے حوصلے بلند کرے، دینی تعلیمات، آیاتِ قرآنی اور اہل بیت علیہم السلام کی ہدایات کے ذریعے دلوں کو مضبوط بنائے اور عملی نمونہ پیش کرے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کامیابی کا راز اخلاص، ثابت قدمی، مشکلات سے نہ گھبرانے اور میدان نہ چھوڑنے میں ہے۔ آخر میں انہوں نے عوام کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ملت رہبر کی رہنمائی میں اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھے اور جلد فتح و نصرت کی خوشخبری حاصل کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha